Live Updates

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا آذربائجان کے صدر سے ٹیلیفونک رابطہ

پیر 9 جون 2025 11:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر آذربائیجان کے صدر عزت مآب الہام علیوف سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران صدر الہام علیوف، ان کے اہل خانہ اور آذربائیجان کے برادر عوام کو عید کی مبارکباد دی۔ پرائم منسٹر آفس میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم نے لاچن کے حالیہ دورے کے دوران گرمجوش استقبال پر صدر الہام علیوف سے اظہار تشکر کیا۔

اپنے دورہ کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کی اور پاکستان-آذربائیجان-ترکی سہ فریقی سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کی تھی ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر ایک مرتبہ پھر صدر الہام علیوف سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط بھائی چارے کا ثبوت ملتا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے پاکستان-آذربائیجان دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ہم آئندہ ملاقاتوں کے منتظر ہیں ،جولائی کے اوائل میں آذربائیجان میں ای سی او سربراہی اجلاس اور رواں سال کے آخر میں صدر الہام علیوف کے دورہ اسلام آباد کے دوران ہونے والی ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات