Live Updates

بھارت سے کسی خیر کی توقع نہیں نہ ہی دیگر ممالک سے کوئی غیرمعمولی توقعات باندھی جائیں‘لیاقت بلوچ

آئندہ بھی ممکنہ بھارتی ردعمل کے مقابلہ کے لیے قومی وحدت کو برقرار رکھنا ہوگا‘ نائب امیر جماعت اسلامی کی گفتگو

پیر 9 جون 2025 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عیدِ قرباں اسلامیانِ پاکستان کے لیے ایمانی جذبہ اور اتحادِ اُمت کے جذبہ سے صفائی ستھرائی، اللہ کی راہ میں مال کی قربانی کے تحت جانوروں کے ذبیحہ کے ساتھ ساتھ ضِد، اًنا، جھوٹ، غیبت، حسد کو ترک کردینے کا بھی پیغام دیتی ہے۔

اہلِ ایمان نفرتوں، تکفیریت اور تعصبات کے بتوں کو پاش پاش کردیں تو عالمِ اسلام بحرانوں سے نجات پائے گا اور عالمی برادری میں اپنی اسٹریٹیجک اہمیت تسلیم کرائے گا۔عید کے تینوں روز اسرائیلی صیہونی وحشت، جنونیت نے سیکڑوں فلسطینی شہید کردیی. اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کردہ جنگ بندی قرارداد کو امریکہ نے ناجائز اور سفاکانہ رویے کے تحت ویٹو کرکے ایک بار پھر قاتل اور ناجائز اسرائیلی ریاست کو فلسطینیوں کا قتلِ عام جاری رکھنے کا گرین سگنل دے دیا۔

(جاری ہے)

حماس دہشت گرد نہیں فلسطینیوں کی نمائندہ تنظیم ہے، اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مطابق فلسطینیوں کو جارح اور غاصب ناجائز اسرائیلی ریاست کے خلاف اپنی آزادی کے تحفظ کے لیے مسلح جدوجہد کا حق حاصل ہے۔ امریکہ اور عالمی قوتیں فلسطینیوں کے ساتھ ظلم اور ناانصافی پر مبنی رویوں کو ترک کردیں اور انسانی المیوں کا سدِباب کریں۔فلسطین اور کشمیر کے مسائل حل کرنے سے عالمی امن اور عالمی اداروں کی ساکھ بحال ہوگی، وگرنہ امریکہ، اسرائیل اور بھارتی ہٹ دھرمی، ظلم و ستم کے خلاف عالمی سطح پر پایا جانے والا غم و غصہ نئی عالمی صف بندیوں میں تیزی کا سبب بنے گا۔

لیاقت بلوچ نے جامع مسجد منصورہ میں نمازِ عید کے بعد صحافیوں، الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت عیدِ قرباں پر اجتماعی قربانیوں کے لیے قائم سلاٹر ہاوسز میں رضاکاران سے گفتگو اور حافظ آباد میں کارکنان اور معززین کی عید ملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت معرکہ حق بُنیانٌ مًّرصُوص آپریشن میں قومی وحدت اور افواجِ پاکستان کے مثالی اتحاد نے عظیم الشان کامیابی حاصل کی۔

تمام کوتاہیوں اور کمزوریوں کے باوجود اللہ تعالیٰ نے پوری قوم کو دُنیا بھر میں بڑی عزت سے سرفراز کیا۔بھارت سے کسی خیر کی توقع نہیں اور نہ ہی دیگر ممالک سے کوئی غیرمعمولی توقعات باندھی جائیں۔آئندہ بھی ممکنہ بھارتی ردعمل کے مقابلہ کے لیے قومی وحدت کو برقرار رکھنا ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف قومی وحدت، یکجہتی اور قوم کے بُنیانٌ مًّرصُوص بنے رہنے کے لیے سیاسی بحرانوں اور اختلافات کے خاتمہ کا عملی اقدام کریں، قومی بجٹ کے موقع پر عوام اور کسانوں کا اعتماد بحال کریں، بلوچستان کے عوام کی شکایات کے ازالہ کے لیے خصوصی قومی کانفرنس بلائیں، سُود کے خاتمہ اور خودانحصاری پر مبنی بابرکت اسلامی معاشی نظام کے قیام کے لیے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلوں پر عملدرآمد کا روڈمیپ دے، اور آئین کے مکمل نفاذ، آزاد عدلیہ کے وجود کو عملاً تسلیم کیا جائے۔

سیاسی بحرانوں کا خاتمہ معاشی اور ملی استحکام لائے گا. جماعتِ اسلامی زراعت، کسانوں/ہاریوں کے حقوق کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھے گی. لیاقت بلوچ نے کسان بورڈ کی قیادت کو بھرپور حمایت کا یقین دِلایا ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات