Live Updates

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کیلئے نئی تاریخ دیدی گئی

قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملاقات میں پی ٹی آئی قیادت کو سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کی 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا معطلی کی درخواستیں 26 جون کو مقرر کرنے کی یقین دہانی کروا دی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 11 جون 2025 14:17

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کیلئے نئی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کیلئے 26 جون کی تاریخ دیدی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور، سیکریٹری جنرل تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ، وکیل پی ٹی آئی نیاز اللہ نیازی، سلمان صفدر اور دیگر نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائمقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر سے ملاقات کی، قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملاقات میں پی ٹی آئی قیادت کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا معطلی کی درخواستیں 26 جون کو مقرر کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔

قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے سیکرٹری کے آفس سے باہر نکلنے کے بعد پی ٹی آئی لیڈرشپ اور وکلاء کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں 26 جون کو سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اب 26 جون کی تاریخ دی گئی ہے، ہمیں کہہ رہے تھے اگلے ہفتے بتائیں گے کہ اگلی تاریخ کون سی ہوگی، ہم نے کہا اگر آئندہ کی تاریخ نہیں دیں گے تو ہم یہاں سے اٹھیں گے نہیں، پھر ہمیں کہا گیا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی درخواستوں پر سماعت 26 جون کو ہوگی۔

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر آج ہونے والی سماعت بنا کسی پیشرفت ملتوی کردی گئی، سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 190 ملیں پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں کی آج سماعت ہونا تھی جہاں قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف یہ کیس سن رہے ہیں تاہم اس دو رکنی بنچ کے رکن جسٹس محمد آصف آج اچانک چھٹی پر چلے گئے اس لیے آج درخواستوں کی سماعت نہیں ہوسکی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات