Live Updates

حیدرآباد کے قاسم آباد میں ’’اسرائیل مردہ باد، فلسطین زندہ باد اور دفاع وطن ملین مارچ‘‘ 15 جون کو ہوگا

بدھ 11 جون 2025 20:25

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سندھ کے دو روزہ دورے پر پہنچ رہے ہیں جہاں وہ مختلف اہم عوامی و تنظیمی سرگرمیوں میں شرکت کریں گے جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے میڈیا نے کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمان 14 جون کو کراچی میں ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والی ڈیجیٹل میڈیا کانفرنس میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے اور نئی میڈیا حکمت عملی، عوامی رابطہ، اور نظریاتی بیانیے کے فروغ پر روشنی ڈالیں گے۔

کانفرنس میں سندھ بھر سے جے یو آئی کے میڈیا نمائندگان، سوشل میڈیا ورکر اور دانشوروں کی بڑی تعداد شریک ہوگی جبکہ 15 جون کو مولانا فضل الرحمن سندھ کے تاریخی شہر حیدرآباد کے قاسم آباد میں ہونے والے ’’اسرائیل مردہ باد، فلسطین زندہ باد اور دفاع وطن ملین مارچ‘‘ سے بھی خطاب کریں گے اس عظیم الشان مارچ میں لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا اور اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔ جے یو آئی سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا یہ دورہ نہ صرف تنظیمی حوالے سے انتہائی اہم ہے بلکہ موجودہ ملکی و عالمی حالات کے تناظر میں ایک طاقتور عوامی پیغام کا حامل ہوگا۔

جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کارکنان، علماء، مشائخ، طلبہ، وکلاء، تاجر برادری اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ بھرپور شرکت کرکے ثابت کریں کہ سندھ کے عوام تحفظ ناموسِ رسالتﷺ، دفاع پاکستان اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔ دوسرے طرف جے یو آئی سندھ نے فیصلہ کیا ہے سندھ میں بڑہتی ہوئی بدامنی اور ڈاکو راج کے خلاف 17 جولائی کو وزیر اعلیٰ سندھ ہاؤس کے باہر بڑا دھرنا دیا جائے گا، سندھ میں بدامنی اور قبائلی جھگڑوں کے خاتمے کے لیے 30 جون کو سکھر میں قبائلی عمائدین اور سرداروں کا امن جرگہ بلایا جائے گا جبکہ امن کے لیے تمام اضلاع میں اے پی سی بھی منعقد کی جائیں گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات