Live Updates

پاکستان نے برسلز میں بھارتی وزیر خارجہ کے غیر ذمہ دارانہ بیان کو سختی سے مسترد کردیا، بھارت کو اپنے حالیہ جارحانہ اقدامات کو جواز فراہم کرنے کیلئے گمراہ کن بیانیے سے پرہیز کرنا چاہئے، ترجمان دفتر خارجہ

بدھ 11 جون 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) پاکستان نے برسلز میں بھارتی وزیر خارجہ کے غیر ذمہ دارانہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ سفارتکاروں کی گفتگو کا مقصد جنگ چھیڑنا نہیں بلکہ امن اور ہم آہنگی کافروغ ہونا چاہئے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بدھ کو یہاں جاری بیان میں کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کا لب و لہجہ اس عہدہ کے وقار کے مطابق ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے بھارت مظلومیت کی فرضی داستان کے ذریعے بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنے کی مذموم مہم میں مصروف ہے، بہرحال بھارت کی مسلسل پاکستان دشمنی اپنی سرحدوں سے باہر دہشت گردی کی سپانسرشپ کو چھپا نہیں سکتی اور نہ ہی وہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں ریاستی مظالم پر پردہ ڈال سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بھارت کو دوسروں پر انگلیاں اٹھانے کی بجائے دہشت گردی، تخریب کاری اور ٹارگٹڈ قتل میں اپنے ملوث ہونے کا خود جائزہ لینا چاہئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کو اپنے حالیہ جارحانہ اقدامات کو جواز فراہم کرنے کے لئے گمراہ کن بیانیے سے پرہیز کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی، مذاکرات اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے تاہم وہ کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری کے تحفظ کے اپنے ارادے اور صلاحیت میں پرعزم ہے جس کی مثال گزشتہ ماہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ حملوں پر اس کے مضبوط ردعمل سے ملتی ہے۔

بیان کے مطابق پاکستان کے خلاف ناکام فوجی مہم جوئی کے بعد بھارتی بیانیہ اس کی سراسر مایوسی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے بھارتی رہنمائوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی گفتگو کے معیار کو بہتر بنائیں اور پاکستان کے بارے میں اپنے جنون کو ترک کردیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تاریخ اس بات کا فیصلہ نہیں کرے گی کہ سب سے زیادہ چیخ و پکار کس نے کی بلکہ یہ دیکھا جائے گا کہ کس نے سب سے زیادہ عقلمندی کا مظاہرہ کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات