Live Updates

پنجاب حکومت کا رویہ متکبرانہ ہے اور وہاں تقسیم در تقسیم کی سیاست ہو رہی ہے

پیپلزپارٹی نے بلدیاتی اداروں کی بات کرکے کیا غلط کہہ دیا ہے؟ بلدیاتی نظام کی بحالی اور اختیارات کی منتقلی عوام کا حق ہے، بلدیانی نظام کو نہ ماننا آئین سے کھلواڑ ہے، سینئروزیرسندھ شرجیل انعام میمن کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 11 جون 2025 21:54

پنجاب حکومت کا رویہ متکبرانہ ہے اور وہاں تقسیم در تقسیم کی سیاست ہو ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون2025ء) سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا رویہ متکبرانہ ہے اور وہاں تقسیم در تقسیم کی سیاست ہو رہی ہے، پیپلزپارٹی نے بلدیاتی اداروں کی بات کرکے کیا غلط کہہ دیا ہے؟ بلدیاتی نظام کی بحالی اور اختیارات کی منتقلی عوام کا حق ہے، بلدیانی نظام کو نہ ماننا آئین سے کھلواڑ ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہم نے بلدیاتی اداروں کی بات کیا یہ غلط کہا کیا بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ آئین کے خلاف ہے یا پھر پنجاب میں عوام کو ان کا بنیادی حق دلانا جرم ہی انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک وفاقی جماعت ہے، اور ہم صرف سندھ تک محدود نہیں، پنجاب میں ہماری بھرپور سیاسی موجودگی ہے، ہمارے کارکن آج بھی گلی محلوں میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت، مقامی حکومتوں، اور عوامی نمائندگی کی بات کی ہے، پنجاب میں بلدیاتی ادارے فعال نہیں، نچلی سطح پر کوئی جواب دہ نظام موجود نہیں، تو ہم خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی نظام کی بحالی، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی عوام کا حق ہے۔ دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے شرجیل میمن کے حالیہ بیان پر ردعمل میں کہا کہ مریم نواز پاکستان کی تاریخ کی پہلی خاتون وزیراعلی پنجاب منتخب ہوئی ہیں، اور یہ قوم کے لیے ایک فخر کا مقام ہے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے عاجزی اور خدمت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا ہے، اور یہی ان کی مقبولیت کی اصل وجہ ہے۔ ان کی قیادت اور طرز حکمرانی نے نہ صرف پنجاب بلکہ سندھ کے عوام کو بھی متاثر کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ کا اصل مسئلہ یہی ہے کہ سندھ کے لوگ بھی اب مریم نواز کے وڑن کے دیوانے ہو رہے ہیں۔ عظمی بخاری نے شرجیل میمن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ متکبر اور غرور سے بھرے وہی لوگ ہیں جو اقتدار میں دو یا تین مرتبہ آ چکے ہیں لیکن کارکردگی صفر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کریں، بیان بازی، جلن اور تنقید سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ اگر واقعی سندھ میں اچھا سسٹم لے آئے ہیں تو کم از کم کراچی کا کوڑا تو اٹھا لیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے واضح کیا کہ پنجاب کی فکر کرنے کے لیے یہاں کے وارث موجود ہیں، سندھ میں بیٹھے متکبر لوگوں کو پہلے اپنے عوام کی حالت پر رحم کھانا چاہیے۔ عظمی بخاری نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ماضی میں بھی پنجاب میں مضبوط بلدیاتی نظام قائم کیا تھا اور انشاء اللہ اب بھی ایک مو ثر نظام لایا جائے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات