Live Updates

متعدد شہریوں کو لندن لانے والی پرواز کے حادثے کے مناظر دلخراش ہیں، برطانوی وزیراعظم

کیئر سٹامر کا بھارت کے شہر احمد آباد میں لندن جانے والے ایئر اندیا کے طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 12 جون 2025 16:53

متعدد شہریوں کو لندن لانے والی پرواز کے حادثے کے مناظر دلخراش ہیں، ..
لندن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جون 2025ء ) برطانوی وزیراعظم کیئر سٹامر نے بھارت کے شہر احمد آباد میں لندن جانے والے ایئر اندیا کے طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ متعدد برطانوی شہریوں کو لندن لانے والی پرواز کے حادثے سے سامنے آنے والے مناظر دلخراش ہیں، اس حادثے کے بعد سے مجھے تمام واقعات سے اپ ڈیٹ رکھا جا رہا ہے، اس انتہائی تکلیف دہ وقت میں میری تمام تر ہمدردیاں مسافروں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

UM PM Tweet
 
بتایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے پر سوار مسافروں میں 169 بھارتی اور 53 برطانوی شہری سوار تھے، مسافروں میں پرتگال کے 7 اور کینیڈا کا ایک شہری بھی شامل ہے، طیارے پر مجموعی طور پر 242 افراد سوار تھے جن میں دو پائلٹ اور عملے کے 10 اراکین شامل ہیں، اس کے علاوہ سابق وزیراعلیٰ گجرات وجے روپانی بھی ایئر انڈیا کی اس بدقسمت پرواز میں سوار تھے، طیارہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، مسافر طیارے کے حادثے میں 100 سے زائد ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ لندن جانے والا طیارہ احمد اباد کے میگھانی نگر علاقے میں کریش ہوا، پرواز کے بعد 625 فٹ کی بلندی پر طیارے کا رابطہ منقطع ہوگیا جس کے کچھ ہی دیر کے بعد طیارہ ڈاکٹرز کے ہاسٹل کے قریب گر کر تباہ ہوا جس کے بعد علاقے میں دھوئیں کے سیاہ بادل چھا گئے، حادثے کے بعد احمد آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر بند کردی گئی۔

بتایا جارہا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی احمد آباد فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے آگ بجھانے والی پانچ سے زیادہ گاڑیاں حادثے کے مقام پر پہنچادیں، حکام نے تصدیق کی ہے کہ حادثہ کا الرٹ جاری ہونے کے بعد فائر ٹینڈرز کو تیزی سے متحرک کیا گیا جس کے بعد ہنگامی ٹیموں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا، مختلف سٹی ڈویژنوں سے پانچ سے زیادہ فائر گاڑیوں کی ایک ٹیم مقام پر پہنچی گئیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات