Live Updates

28 مئی کی طرح 10 مئی بھی پاکستان میں رہتی دنیا تک منایا جائے گا، بیرسٹر امجد ملک

جمعرات 12 جون 2025 22:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرپرسن بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ 10مئی کو’’یوم تشکر‘‘ کے طور پر منانے کا مقصد افواج پاکستان کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔یہاں مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج ہر لمحہ وطن کی سلامتی کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے کے لیے تیار رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جتنا بھی اختلاف رائے رکھیں، ہمیں کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ ایک ماں اپنے لخت جگر کو سرحد پر بھیجتے ہوئے کیسے دعائو ں کے ساتھ رخصت کرتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان کا بڑا بھائی بھی پاک فوج میں خدمات سرانجام دیتا رہا ہے اور جب وہ کسی حساس محاذ پر جاتا تو ان کی والدہ دل سے دعائیں دے کر اسے رخصت کرتیں۔

(جاری ہے)

بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں روزانہ ہمارے فوجی شہادتیں دے کر اس ملک کی حفاظت کر رہے ہیں، جب تک ہماری مائیں زندہ ہیں اور ہمارے سپاہی سرحدوں پر ڈٹے ہوئے ہیں پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ 10مئی اور 28مئی جیسے دن رہتی دنیا تک یاد رکھے جائیں گے کیونکہ ان ایام میں قوم نے اتحاد، قربانی اور تحفظِ وطن کا عملی مظاہرہ کیا۔اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ دنیا کے جس کونے میں بھی پاکستانی موجود ہیں، وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے دور میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بنائے گئے ادارے آج بھی فعال ہیں جبکہ گزشتہ ادوار میں ان اداروں کی کارکردگی مایوس کن رہی۔

مسلم لیگ (ن) ہی وہ جماعت ہے جس نے نہ صرف اوورسیز پاکستانیوں بلکہ خواتین کو بھی بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں الفاظ نہیں کام دیکھنے چاہئیں، کون حقیقت میں خدمت کرتا ہے اور کون صرف دعوے کرتا ہے، یہ فرق اب واضح ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی عدالتیں تشکیل دی جا رہی ہیں جو 6ماہ میں مقدمات کا فیصلہ کریں گی اور او پی سی کا آن لائن پورٹل ہر اوورسیز پاکستانی کے لیے ہمہ وقت کھلا ہے۔

آخر میں بیرسٹر امجد ملک نے تقریب میں مختلف ممالک سے شریک ہونے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مسلم لیگ (ن) خواتین کو ترقی کے مساوی مواقع دینے والی پہلی جماعت ہے اور اسی وجہ سے وہ قومی تعمیر میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔تقریب میں پاکستان اور مختلف ممالک سے اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں مہمان خصوصی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، معاون خصوصی اور وزیر عشر و زکوٰة راشد ناصر اللہ، رکن قومی اسمبلی شمائلہ رانا، فرزانہ کوثر (متحدہ عرب امارات)، طیبہ چیمہ (امریکہ)، شیخ سعید (صدر مسلم لیگ ن، (سعودی عرب)، عنصر بٹ (جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن، جرمنی)، اشفاق انور ، رانا زاہد (مسلم لیگ ن، جنوبی افریقہ)، غلام عباس بھٹی (متحدہ عرب امارات اور ڈپٹی اٹارنی جنرل رانا خرم ایڈووکیٹ صدر مینارٹی ونگ مسلم لیگ ن اٹلی شہزاد بھٹی ، بیلجیم مسلم لیگ ن کے صدر پرویز اقبال ، متحدہ عرب امارات سے چوہدری محمد شفیع ، جاپان سے ملک محمد یونس، عرفان صدیقی ، سپین سے راجو الیگزینڈر ، شارجہ سے عدنان اور حسن طور، لندن سے نثار جاوید، کامران اشرف، سپریم کورٹ بار کے ممبران خاتون وکلاناہید بیگ اور سونیاجدون ، ہیڈ آف لاڈیپارٹمنٹ امان اللہ خان سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔

بیرسٹر امجد ملک نے تمام شرکاکا فردا فردا اور اپنی ٹیم کا یوم تشکر کے انعقاد پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سعودی عرب سے شیخ سعید احمد ، کویت سے عرفان ناگرہ ، فرانس سے رانا محمود علی خان ، آسٹریا سے علی شرافت ، اٹلی سے شہزاد بھٹی اور سائو تھ افریقہ سے میاں نصیر احمد کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے یوم تشکر کے انعقاد میں خصوصی تعان کیا۔آخر میں او پی سی کی جانب سے مہمان خصوصی مجتبی شجاع الرحمن کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات