Live Updates

مودی پاکستان پر حملے کی پھر حماقت کر سکتا ہے

ویلیو ایڈڈ ویپن سسٹم ضرور لینا چاہئے، نریندر مودی فاشسسٹ اور ہٹلر کا پیروکار ہے، مودی کے عزائم کوناکام بنانے کیلئے ہمیں ہر حد تک جانا ہو گا، کسی جارحیت کی صورت میں ہم نے انڈیا کو اس کی سرزمین پر گھس کر مارنا ہے، ہمیں انڈیا کو سبق سکھانا ہو گا، عمر ایوب خان

جمعہ 13 جون 2025 18:31

مودی پاکستان پر حملے کی پھر حماقت کر سکتا ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جون2025ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ ملک کی سالمیت اور سرحدوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، مودی پاکستان پر حملے کی پھر حماقت کر سکتا ہے، ایسی صورت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دینے اور اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو ویلیو ایڈڈ ویپن سسٹم ضرور حاصل کرنا چاہئے،پاکستان عظیم قوم اور بہادر لوگ ہیں، کسی بھی مشکل میں یہ قوم متحد ہوتی ہے۔

جمعہ کو آئندہ مالی سال 2025-26ء کے وفاقی بجٹ پر عام بحث کا آغازکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مئی 2025ء میں اس پارلیمان نے سندھ طاس معاہدہ کے حوالہ سے قرارداد منظورکی کہ پانی روکنے کواعلان جنگ سمجھا جائے گا، سندھ طاس معاہدہ پاکستان کیلئے اہمیت کاحامل ہے، نریندر مودی فاشسسٹ اور ہٹلر کا پیروکار ہے، مودی کے عزائم کوناکام بنانے کیلئے ہمیں ہر حد تک جانا ہو گا، کسی جارحیت کی صورت میں ہم نے انڈیا کو اس کی سرزمین پر گھس کر مارنا ہے، ہمیں انڈیا کو سبق سکھانا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان عظیم قوم اور بہادر لوگ ہیں، کسی آفت میں یہ قوم متحد ہوتی ہے۔ مودی فاشسٹ شخص ہے وہ پھر حملے کی حماقت کر سکتا ہے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے پہلی تین سہ ماہی میں 31 فیصد ترقیاتی بجٹ استعمال ہوا اور آخری سہ ماہی میں یہ شرح 71 فیصد سے زائد بتائی جا رہی ہے، اس سے آگے چل کر تمام اعشاریئے متاثر ہوں گے۔

کارکردگی، مسابقت اور استحکام ماپنے کے ذرائع بتائے جائیں، اکانومی گروتھ کانام ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3 سال میں عام پاکستانی کی قوت خرید کم ہوئی ہے۔ اسی مدت میں گندم کی قیمت میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے،اسی طرح دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اس مدت میں اضافہ ہوا ہے، ۔ورلڈ بنک کے مطابق ملک میں ساڑھے گیارہ کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہے، 62 لاکھ نوجوان بے روزگارہیں۔

عمر ایوب نے کہا کہ مجوعی فسکل خسارہ 6 ہزار501 ارب روپے سے زائد ہے، یہ کہاں سے پورا ہوگا؟97 فیصد خسارہ پورا کرنے کے لئے کمرشل بینکوں سے پیسہ لینا پڑے گا، انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں 6 فیصد اکانومی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تین سال میں 32 لاکھ لوگ پاکستان چھوڑ کرگئے ہیں۔فنانس بل میں نئی شق شامل کی گئی ہے جس میں پاور ٹو ایرسٹ کی شق شامل کی گئی۔

یہ پاور استعمال کرکے ایف بی ار ٹیکس نوٹز جاری کرے گا اور اس کے ذریعے گرفتاریاں ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اس سال اجناس کی مجموعی قومی پیداوار 143 ملین میٹرک ٹن ہے،آئی ٹی ایکسپورٹ میں 23 فیصد اضافہ ہوا ہے، لارج سکیل مینوفیکچرنگ میں منفی 1.5 ہے،رواں مالی سال سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں 440 ارب روپے خرچ ہوئے۔ ایک ہزار ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ میں کے پی کے کو 55 کروڑ روپے مل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے کے ایک لاکھ لوگ شہید ہوئے، دہشت گردی کے خلاف ہم سب سے آگے ہیں، نقل مکانی کرنے والوں کا بوجھ ہم اٹھاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے راستے اربوں روپے کا پٹرول سمگل ہورہا ہے، انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ ملک میں توانائی کی ڈیمانڈ 24 فیصد کم ہوئی ہے،بعض علاقوں میں لوڈشیڈنگ بہت زیادہ ہے،آئی پی پیز کی وجہ سے بجلی کی قیمت مہنگی ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ سولر پینلز پر بھی ٹیکس لگا دیئے گئے ہیں،گیس کے شعبے میں اربوں روپے کا گردشی قرضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹس 8 لاکھ 14 ہزار سے تجاوز کرگئے ہیں۔ عمر ایوب نے کہا کہ ملک کی سالمیت اور سرحدوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، ہمارے پاس اگر چین کی ٹیکنالوجی نہ ہوتی تو انڈیا کے خلاف ہماری کارکردگی متاثر ہوتی، مودی پھر پاکستان پر حملہ کی حماقت کرسکتا ہے، ایران پر اسرائیلی حملہ کے بعد مودی بھی حملے کے لئے پرتول رہا ہے،ویلیو ایڈڈ ویپن سسٹم ضرور لینا چاہئے، دفاعی اخراجات میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ پر نظرثانی ہونی چاہئے، انتخابی اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو متعارف کرائے جانے کی ضرورت ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات