Live Updates

حکومت کو امریکہ کے دباؤ میں آنے اور خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں

ایران کو مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہیں، بدمست ہاتھی کو نہ روکا گیا تو بدامنی کی لہر مشرقِ وسطی اور جنوبی ایشیا میں پھیل جائے گی۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 13 جون 2025 19:43

حکومت کو امریکہ کے دباؤ میں آنے اور خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13جون 2025ء ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اسرائیل کے ایران پر حملہ کو کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے ایران اور ایرانی قوم کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جماعت اسلامی اور پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔
منصورہ سے جاری ویڈیو پیغام میں امیر جماعت نے کہا کہ اسرائیل بدمست ہاتھی بن کر عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔

صہیونی افواج کے غزہ میں انسانی تاریخ کے بدترین مظالم جاری ہیں اور اس کے ساتھ ہی اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے پورے خطے میں آگ اور خون کے کھیل کا آغاز کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل بذات خود کچھ بھی نہیں اگر اسے امریکہ کی آشیر باد حاصل نہ ہو، واشنگٹن اسرائیلی دہشت گرد کی مکمل پشت پناہی کررہا ہے۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے پاکستان کی حکومت پر زور دیا کہ وہ خطے کو آگ سے بچانے کے لیے کردار ادا کرے۔

انہوں نے زور دیا کہ حکومت کو امریکہ کے دباؤ میں آنے اور اس سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ امیر جماعت نے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ اگر اسرائیل کو نہ روکا گیا تو بدامنی کی لہر پورے مشرقِ وسطی اور جنوبی ایشیا میں پھیل جائے گی۔ انہوں نے اسلامی اور امن دوست ممالک کے حکمرانوں سے اپیل کی وہ متحد ہوجائیں، امریکہ پر دباؤ بڑھائیں، اسے تنہا کریں اور اس کے خلاف احتجاج کیا جائے کہ اسرائیلی دہشت گردی کو لگام دے۔

قبل ازیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ بدترین دہشت گردی ہے، اسرائیل کی دہشت گردی کا دائرہ بڑھ رہا ہے، امریکی سرپرستی میں اسرائیل کا آگ اور خون کا کھیل جاری ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ اسلامی ممالک جان لیں اسرائیل کے قدم نہ روکے گئے تو پھر کسی کا نمبر بھی آسکتا ہے،امریکا کی منافقانہ تاریخ گواہ ہے کہ یہ کسی کو نہیں بچائے گا، امریکہ نسل کشی کرنے والے اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات