Live Updates

پارلیمنٹ ہاوس میں نافذ ورچوئل مارشل لاء کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ،عمر ایوب

حکومت اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لیے ایسے اوچھے ہتھکنڈے کر رہی ہے،یہ بجٹ مہنگائی، بیروزگاری میں اضافہ اور قوت خرید میں کمی لائے گا، اپوزیشن لیڈر ہمارے ورکرز کو اس حکومت نے شہید کیا میں نے 9 مئی اور 26 نومبر کے شہداء کے نام قومی اسمبلی میں لیے، ٹوئٹ

ہفتہ 14 جون 2025 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)قائد حزبِ اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے کہاہے کہ پارلیمنٹ ہاوس میں نافذ ورچوئل مارشل لاء کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ، حکومت اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لیے ایسے اوچھے ہتھکنڈے کر رہی ہے،یہ بجٹ مہنگائی، بیروزگاری میں اضافہ اور قوت خرید میں کمی لائے گا۔ اپنے بیان میں عمر ایوب نے کہاکہ میں نے اپنی بجٹ تقریر سے بجٹ بحث کا آغاز کیا،اسپیکر نے لائیو کوریج کا وعدہ کیا مگر پورا نہ کیا۔

عمر ایوب خان نے کہاکہ میری تقریر کے دوران قومی اسمبلی، دفاتر اور پریس گیلری کا وائی فائی بند کر دیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا کو کوریج سے روکا گیا۔ موبائل فون پر نوٹس لینے سے بھی روکا گیا، حکومت جانتی ہے کہ موجودہ بجٹ عوام دشمن ہے اور اپوزیشن نے بجٹ کو جعلی قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حکومت اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لیے ایسے اوچھے ہتھکنڈے کر رہی ہے،یہ بجٹ مہنگائی، بیروزگاری میں اضافہ اور قوت خرید میں کمی لائے گا۔

انہوںنے کہاکہ جی ڈی پی گروتھ کا ہدف جھوٹ پر مبنی ہے، جلد کم کر دیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ میں نے اپنی تقریر میں عمران خان، بشریٰ بی بی، شاہ محمود سمیت تمام سیاسی قیدیوں کا ذکر کیا۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے ورکرز کو اس حکومت نے شہید کیا میں نے 9 مئی اور 26 نومبر کے شہداء کے نام قومی اسمبلی میں لیے۔ انہوںنے کہاکہ جمعہ کی نماز کے بعد دوبارہ تقریر کے دوران بھی ٹرانسمیشن بند رہی،میری تقریر سوشل میڈیا پر اپلوڈ ہوئی، مگر سنسر کر دی گئی،میں نے جرنیلوں کو ملنے والی گاڑیوں اور پلاٹوں پر سوالات پوچھے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ دفاعی بجٹ کے مؤثر استعمال اور فورس ملٹی پلائر سسٹمز کی حمایت کی،حکومتی وزیر کی تقریر شروع ہوتے ہی لائیو اسٹریم بحال ہو گئی۔ اسمبلی کا سسٹم ٹھیک ہو گیا ،پاکستان میں عملی طور پر مارشل لا نافذ ہے، کوئی ادارہ کام نہیں کر رہا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات