Live Updates

آج اللہ کے فضل و کرم سے کرنٹ اکانٹ سرپلس ہے،ہم نے زمیندار پر پر کوئی ٹیکس نہیں لگنے دیا،عطاء تارڑ

خیبرپختونخوا صوبے میں تعلیم اور صحت کا برا حال ہے اور اس وقت 55 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں،پاکستان خطے میں امن کا فروغ چاہتا ہے، فلسطین کے نہتے مسلمانوں کو نہ کبھی بھلایا ہے نہ بھلائیں گے،وزیر اطلاعات کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

ہفتہ 14 جون 2025 21:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آج اللہ کے فضل و کرم سے کرنٹ اکانٹ سرپلس ہے،ہم نے زمیندار پر پر کوئی ٹیکس نہیں لگنے دیا،خیبرپختونخوا صوبے میں تعلیم اور صحت کا برا حال ہے اور اس وقت 55 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں،پاکستان خطے میں امن کا فروغ چاہتا ہے، فلسطین کے نہتے مسلمانوں کو نہ کبھی بھلایا ہے نہ بھلائیں گے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف بھرپور موقف اپنایا اور ایرانی مستقل مندوب نے حمایت پر سیکیورٹی کونسل میں پاکستان کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں ایران کے بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہیں، اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

(جاری ہے)

عطااللہ تارڑ نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن کا فروغ چاہتا ہے، دنیا خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کا اعتراف کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین کے نہتے مسلمانوں کو نہ کبھی بھلایا ہے نہ بھلائیں گے، پاکستان نے غزہ کے مسلمانوں پر جاری مظالم کی ہمیشہ مذمت کی، فلسطینی کاز ہمارے دلوں کے قریب ہے اور پاکستان نے ہر عالمی فورم پر فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے آواز اٹھائی ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے بجٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اللہ کے فضل و کرم سے کرنٹ اکائونٹ سرپلس ہے، بانی پی ٹی آئی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ترسیلات زر بھیجنے سے روکنے کی کوشش کی لیکن اوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ ترسیلات وطن بھیجیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو بھرپور ریلیف دیا گیا، تنخواہ دار طبقے کو تنخواہوں میں اضافے کے علاوہ ٹیکس میں بھی رعایت دی گئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کے عوام کا وقت ضائع کیا، خیبر پختونخوا میں 55 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، خیبر پختونخوا میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کا برا حال ہے۔خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور میں سیف سٹی منصوبہ آج تک مکمل نہیں ہو سکا، خیبر پختونخوا کے بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بجٹ میں کوئی ایک منصوبہ بھی انقلابی منصوبہ نہیں ہے، ایف بی آر نے ملک کی تاریخ میں ریکارڈ محصولات اکٹھی کیں۔انہوں نے کہا کہ شوگر انڈسٹری کے ٹیکس میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، ٹوبیکو مافیا کو شکنجہ ڈالنے کی ضرورت ہے، کراچی بندرگاہ پر پہلی مرتبہ فیس لیس اسیسمنٹ نظام رائج کیا گیا، فیس لیس اسسمنٹ نظام کی بدولت چند گھنٹے میں کنٹینر کلیئر کر دیا جاتا ہے۔عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بینکوں پر ونڈ فال ٹیکس لگایا گیا، وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی سے ساڑھے 34ارب روپے سرکاری خزانے میں واپس آئے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات