Live Updates

ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب و دیگر کی ایران پربلا جواز اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

اتوار 15 جون 2025 20:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب اور دیگر مذہبی جماعتوں سمیت تاجر برادری نے ایران پر بلا جواز اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایرانی حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری محمد ایوب مغل،مرکزی جمعیت اہلحدیث کے مولانا عبدالرحیم گجر،شیعہ علماء کونسل جنوبی پنجاب کے ترجمان بشارت عباس قریشی،قومی تاجر اتحاد کے مرکزی صدر سلطان محمود ملک نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ اتوار کو یہاں پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل دہشت گرد ریاست ہے، ایران نے اپنا دفاع کرتے ہوئے اسرائیل کی اینٹ سے اینٹ بجا کر امریکہ اور یورپی ممالک کے سیاہ چہروں کو بے نقاب کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایران نے جس ہمت اور جواں مردی سے اسرائیل کو دھول چٹائی ہے اس پر پوری پاکستانی عوام ایران کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے اور پوری پاکستانی قوم ایران کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ایران اس وقت اہل اسلام کی نمائندگی کر رہا ہے اور یہ مسلکی جنگ نہیں بلکہ کفر و اسلام کی جنگ ہے اور انجمن غلامان امریکہ ٹوٹ رہی ہے، اسرائیل اور یورپ کے بڑھتے ہوئے ظلم و بربریت کو روکنا ہوگا،جو امت مسلمہ کے امن کو پارہ پارہ کرنے کے درپے ہیں ہے،جو لوگ سوشل میڈیا پر بیٹھ کر ایران کے خلاف باتیں کرتے ہیں انہیں سوچنا چاہیے کہ وہ ایران کے ساتھ کھڑے ہوں کیونکہ یہود و نصاری عالم اسلام کے خلاف اکٹھے ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے ایران پر حملے کی حماقت دنیا کو تیسری عالمی جنگ کی طرف دھکیل رہی ہے،ہم اس موقع پر ایران کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اسرائیل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرنا اور حکومت پاکستان کا اسرائیلی حملوں کی مذمت اور ایران کے ساتھ ہر محاذ پر ساتھ دینے کا اعلان احسن اقدام ہے، یہ پاکستانی عوام کے جذبات کی بہترین نمائندگی ہے اور اس موقع پر سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک کا بھی اسرائیل کی مذمت کرنا وقت کی آواز ہے، اسرائیل کا ایران پر حملہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی اصولوں کی سراسر خلاف ورزی ہے اور اقوام متحدہ سمیت دیگر ممالک کی خاموشی انسانیت کے قتل کی بھیانک سازش ہے اور یہ خاموشی پوری دنیا کو جنگ کی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات