Live Updates

قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس، ای کامرس کی سیلز ٹیکس میں رجسٹریشن کی تجویز موخر

بجٹ میں ای کامرس کے خلاف اقدامات کیے گئے ہیں، حکومتی تجاویز کو دیکھنا ہوگا کہ کاروبار چلے گا یا بند ہوگا، قائمہ کمیٹی برائے خزانہ غیررجسٹرڈافراد کیخلاف کارروائی کیلئے کمیٹی قائم کی جائے گی جس میں کاروباری افراد کے نمائندں کو شامل کیا جائے گا،چیئر مین ایف بی آر

اتوار 15 جون 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے ای کامرس کی سیلز ٹیکس میں رجسٹریشن کی تجویز موخر کردی، جبکہ غیر رجسٹرڈ بزنس کو بند کرنے کی تجویز منظور کرلی گئی۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا جس میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو بھی شریک ہوئے۔

دوران اجلاس سینیٹر مانڈوی والا نے کہا کہ سندھ ریونیو بورڈ نے اشیا کو سیلزٹیکس ایکٹ میں شامل کرنے پر اعتراض کیا، اس پر چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ اشیا پر سیلز ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا۔دوران اجلاس سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بجٹ میں ای کامرس کے خلاف اقدامات کیے گئے ہیں، حکومتی تجاویز کو دیکھنا ہوگا کہ کاروبار چلے گا یا بند ہوگا۔

(جاری ہے)

سینیٹر انوشہ رحمن نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز ابھی پاکستان آئے نہیں اور ایف بی آر ڈنڈا لیکر کھڑا ہوگیا ہے، انہوں نے کہا کہ ای کامرس کی وجہ سے لوگوں کی غربت کم ہورہی تھی۔چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ آن لائن خریداری پر سیلز ٹیکس کی شرح 18 فیصد برقرار رہے گی، کوریئرکمپنیز 2فیصدودہولڈنگ ٹیکس کی کٹوتی کرنیکی پابندہوں گی، صارفین کو کیش آن ڈیلیوری پر 18 فیصد سیلز ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ غیررجسٹرڈافراد کیخلاف کارروائی کیلئے کمیٹی قائم کی جائے گی جس میں کاروباری افراد کے نمائندں کو شامل کیا جائے گا، غیررجسٹرڈ بزنس کیخلاف کارروائی کیلئے پبلک نوٹس جاری کیاجائیگا۔قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے آن لائن خریداری پر کیش آن ڈیلیوری پر 2 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کی تجویز منظور کردی جبکہ ای کامرس کی سیلز ٹیکس میں رجسٹریشن کی تجویز مخر کردی۔اجلاس میں غیررجسٹرڈ بزنس کو بند کرنے، جائیداد ضبط اور بینک اکانٹس بند کرنے کی تجویز منظور کرلی گئی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات