Live Updates

اقوام متحدہ غیر قانونی طورپرنظربند کشمیری رہنمائوں کی رہائی کیلئے کردار ادا کرے، حریت کانفرنس

پیر 16 جون 2025 20:27

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک اور آسیہ اندرابی سمیت سینئر کشمیری حریت رہنمائوں کی رہائی کو یقینی بنائے جو جھوٹے مقدمات کے تحت گزشتہ کئی سال سے نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں نظر بند ہیں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل اور حق خودارادیت کی جدوجہد میں مصروف نظربند کشمیری رہنمائوں کی زندگیوں اور حقوق کے تحفظ کے لیے عالمی حمایت کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء بھارت آئندہ امرناتھ یاترا کی سکیورٹی کویقینی بنانے کی آڑ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں پیراملٹری فورسز کی 580اضافی کمپنیاں تعینات کر رہا ہے۔ تاہم مبصرین کاکہنا ہے کہ ان اہلکاروں کی تعیناتی سے پاکستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں مودی حکومت کے مذموم عزائم کی عکاسی ہوتی ہے۔امرناتھ یاترا کی تاریخ میں یہ سب سے بڑی تعیناتی ہے جس میں سی آر پی ایف، بی ایس ایف اور دیگر بھارتی پیراملٹری فورسز شامل ہیں۔

ناقدین نے خبردار کیا ہے کہ یاتریوں کے تحفظ کی آڑ میں بھاری تعداد میں پیراملٹری فورسز کی تعیناتی کا اصل مقصداپنے قبضے کو مستحکم کرنا، مقامی لوگوں کوہراساں کرنا اور ممکنہ علاقائی تصادم کیلئے تیاری ہے۔ اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے تصادم کی وجہ سے ایران میں زیر تعلیم کشمیری طلباء کے اہلخانہ کی اپنے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے تشویش بڑھتی جارہی ہے۔

صورتحال سے پریشان والدین نے بارہمولہ کے کریپا پارک میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا اور پھنسے ہوئے طلبا ء کے محفوظ انخلا ء میں ناکامی اوربے حسی پرمودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ تہران میں کشمیری طلبا ء کا کہنا ہے کہ وہ تہہ خانوں میں پھنسے ہوئے ہیں، خوفزدہ ہیں اوران کے ہاسٹلز کے ارد گرد دھماکے ہو رہے ہیں۔تہران میں ایک ہاسٹل پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں متعدد کشمیری طلبا ء زخمی ہو گئے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق اور نیشنل کانفرنس کے رہنما آغا روح اللہ مہدی نے اسرائیلی حملوں میں طلبا ء کے زخمی ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور ایران بھر میں زیر تعلیم 1,300 سے زائد کشمیری طلباء کے فوری انخلا کا مطالبہ کیا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات