Live Updates

بیگم رعنا خواتین کیلئے روشنی کا مینار ہیں، جاوید عابد ایڈووکیٹ

قائد ملت میموریل کمیٹی و محب کونسل کے اشتراک سے بیگم رعنا کی برسی پر یادگاری تقریب

پیر 16 جون 2025 23:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء) قائد ملت لیاقت علی خان میموریل کمیٹی و محب قومی سماجی کونسل کے اشتراک سے ضلع ایسٹ کے مقامی بینکوئٹ میں تحریک پاکستان کی نامور رہنما و مملکت پاکستان کی پہلی خاتون اول بیگم رعنا لیاقت علی خان کی 35ویں برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے انکی یاد میں یادگاری تقریب منعقد ہوئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے بیگم رعنا لیاقت علی خان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ بیگم رعنا کی ملک و ملت کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا مہمان خصوصی معروف ادیب و دانشور جاوید عابد ایڈوکیٹ نے کہا کہ بیگم رعنا ان خواتین سیاست دانوں اور ملک گیر معزز خواتین میں شامل ہیں جنہوں نے 1940 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور پاکستان بننے کے اہم واقعات کا بچشمِ خود مشاہدہ کیا، پاکستان بننے کے بعد خاتون اول کی حیثیت سے خواتین کی ترقی کے لیے پروگرامز شروع کیے اور خواتین کی تنظیم اپوا کی بنیاد رکھی جبکہ ان کی خدمات پر انہیں نشان امتیاز سے بھی نوازا گیا بیگم رعنا سیاسی و سماجی شعبے کی خواتین کے لیے روشنی کا مینار ہیں انہوں نے کہا کہ بیگم رعنا سندھ کی دسویں اور پہلی خاتون گورنر بھی رہیں مہمان اعزازی سابق ڈپٹی اسپیکر راحیلہ ٹوانہ نے کہا کہ بیگم رعنا کا دہلی کے علاقے میں اپنے وسیع و عریض بنگلہ گل رعنا حکومت پاکستان کو تحفے میں عطا کرنا ایک بڑا کارنامہ ہے دوسرے مہمان اعزازی کراچی گرینڈ الائنس کے سربراہ محمد اسلم خان نے کہا کہ بیگم رعنا نے ہمیشہ اپنے تعارف کو اعلی مراتب کے بجائے اپنے شوہر قائد ملت لیاقت علی خان سے منسوب کیا جو ان کی کامیاب ازدواجی زندگی کا نمایاں پہلو اور خواتین کے لیے قابل تقلید مثال ہے انہوں نے کہا کہ بیگم رعنا عالم اسلام کی پہلی مسلمان خاتون سفیر تھی اور پاکستان میں پہلی گورنر اور جامعات کی چانسلر بھی تھی دوسری طرف بیگم رعنا جنوبی ایشیا کی پہلی خاتون تھی جن کو 1978 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اعزاز سے نوازا تھا جبکہ صدر تقریب سول سوسائٹی کی ممتاز شخصیت محفوظ النبی خان نے کہا کہ 1940 کی قرارداد لاہور کا مسودہ قائد اعظم کی ہدایات پر بیگم رعنا نے تحریر کیا تھا اس موضوع پر دیگر معلومات کی کوئی تاریخی حیثیت نہیں، آج کی نسل وقت کی پابندی کے لیے بیگم رعنا کی زندگی سے سبق حاصل کرے انہوں نے کہا کہ بیگم رعنا نے 1965 کے صدارتی انتخابات میں محترمہ فاطمہ جناح کے مقابلے میں ایوب خان کی حمایت سے صاف انکار کردیا تھا ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں جاں بحق ہوئے والوں کو تاریخ میں شہدائے القدس کے عنوان سے یاد رکھا جائے گا انہوں خدشہ ظاہر کیا کہ اسرائیل کے ٹارگٹڈ آپریشن کی معلومات کی فراہمی میں بھارتی خفیہ ادارے را، موساد، سی آئی اے گٹ جوڑ ہوسکتا ہے تقریب سے اسلم خان فاروقی، سید نسیم شاہ و دیگر نے خطاب کیا شبانہ سحر نے نظامت کے فرائض انجام دئے قمر الزماں صدیقی، عظمی اسماعیل، صدف بنت اظہار نے منظوم خراج عقیدت پیش کیا اور نعت خواں ہما ناز نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات