بلاول بھٹو زرداری نے کامیاب سفارتکاری کے ذریعے دنیا بھر میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا،محمد افسر شاہد ایڈووکیٹ

منگل 17 جون 2025 16:40

برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)سابق وزیر اوقاف ومرکزی نائب صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں وکشمیر محمد افسر شاہد ایڈووکیٹ نے گذشتہ روز فخر ڈڈیال وسینئر نائب صدر پاکستان پیپلزپارٹی برمنگھم برطانیہ چوہدری محمد شبیر کی جانب سے دیئے گئے عشایئے میں شرکت کی اس موقع پر پیپلزپارٹی کے کارکنان بھی موجود تھے۔

عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے محمد افسر شاہد ایڈووکیٹ نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا دورہ برطانیہ انتہائی کامیاب رہا بلاول بھٹوزرداری نے برطانوی پارلیمنٹرینز کو بھارتی جارحیت اور پہلگام واقعے کے بعد پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر وار کے اثرات سے آگاہ کیا۔انہوں نے آگاہ کیا کہ ہندوستان بغیر کسی جواز اور تحقیقات کے پاکستان پر الزام تراشی کا مرتکب ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مصدقہ تحقیقات اور قابل تصدیق شواہد کے بغیر پاکستان پر لگائے گئے بے بنیاد بھارتی الزامات کو واضح طور پر مسترد کیا۔انھوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کامیاب سفارتکاری کے ذریعے دنیا بھر میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا اور پاکستان کا لڑا اور کامیابیوں سے ہمکنار ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ چوہدری محمد شبیر کا شمار پیپلزپارٹی کے بانیوں اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے دست راست میں ہوتا ہے چوہدری محمد شبیر نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کی مضبوطی کے لئے کام کیا ان شاء اللہ آمدہ الیکشن کے اندر ڈڈیال کی عوامی عدالت سے سرخرو ہو گا اور ایک بار پھر جیت کر عوامی محرومیوں کا ازالہ کرونگا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد شبیر نے کہا کہ محمد افسر شاہد ایڈووکیٹ حقیقی معنی میں بھٹو کے جیالے ہیں اپنے دور اقتدار میں محمد افسر شاہد ایڈووکیٹ نے ڈڈیال کے اندر تعمیر وترقی کا جال بچھایا نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار دیا اور عوام کے مسائل حل کئے ان شاء اللہ آمدہ الیکشن کے اندر پیپلزپارٹی حلقہ ڈڈیال سمیت آزاد جموں وکشمیر بھر سے الیکشن میں دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہو گی اور ایک بار پھر پیپلزپارٹی کا جیالا وزیراعظم آزادکشمیر بن کر عوام کے مسائل حل اور محرومیوں کا ازالہ کرے گا۔