ایران اسرائیل جنگ میں پاکستان کی تمام تر ہمدردیاں ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں، سردار سلیم حیدر خان

منگل 17 جون 2025 22:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ایران اسرائیل جنگ میں پاکستان کی تمام تر ہمدردیاں ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی کشیدگی پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں ممبر قومی اسمبلی شہلا رضا اور نبیل گبول سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اپنی سالمیت اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل سمیت کسی نے بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پاک فوج منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عراق میں پھنسے ہوئے پاکستانی زائرین کی ملک واپسی کا سلسلہ جاری ہے،حکومت مزید اقدامات بھی کررہی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ ایران ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے ،مشکل کی گھڑی میں ایران کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحد ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ گزشتہ روز ایرانی صدر کے پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران پاکستان کے حق میں نعرے بازی پاکستان اور ایران دوستی کا کھلا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ میں بحثیت گورنر ایرانی حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں ۔