پٹرول کی قیمت میں اضافہ واپس لیا جائے، مولانا عبد الماجد فاروقی

عوامی مسائل کے حل کیلئے کرپشن کا خاتمہ ناگزیر ہے تمام مسائل کی جڑ کرپشن ہے، خصوصی گفتگو

منگل 17 جون 2025 23:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)پاکستان امن کونسل سندھ، مرکزی علما کونسل پاکستان سندھ کے صوبائی صدر، مہتمم مدرسہ تعلیم القرآن، خطیب و امام جامع مسجد الخلیل بھٹائی آباد گلستان جوہر مولانا عبد الماجد فاروقی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ فوری واپس لیا جائے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام دشمنی ہے اس اضافے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ ہوگا بلکہ روزمرہ استعمال کی اشیا آٹا، سبزی، دودھ، گوشت اور دیگر ضروریات زندگی بھی مہنگی ہو جائیں گی، جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا ان خیالات اظہار انہوں نے گلستان جوہر میں ایک تقریب کے موقع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا مولانا عبد الماجد فاروقی نے کہا کہ بنیادی حقوق سے محروم اور مہنگائی کی ماری عوام کو ریلیف کی ضرورت ہے ان کے کمزور کاندھے مہنگائی کا بوجھ اٹھا اٹھا کر تھک چکے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کے آئین میں انسانی و بنیادی حقوق کو مکمل تحفظ فراہم کیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی مشکل ہوگئی ہے جو بڑی پریشانی کی بات ہے ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کرپشن کا خاتمہ ناگزیر ہے تمام مسائل کی جڑ کرپشن ہے۔