Live Updates

عالمی برادری ایران اسرائیل جنگ بندی کیلئے فوری اقدامات کرے، شہباز شریف

افواج پاکستان نے قوم کی حمایت سے دشمن کیخلاف کامیابی حاصل کی، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں، سکیورٹی اداروں کی تمام ضروریات پوری کریں گے، وزیراعظم کا کابینہ اجلاس سے خطاب

بدھ 18 جون 2025 19:49

عالمی برادری ایران اسرائیل جنگ بندی کیلئے فوری اقدامات کرے، شہباز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل جنگ سے پیدا ہونیوالی صورتحال تشویشناک ہے، عالمی برادری ایران اسرائیل جنگ بندی کیلئے فوری اقدامات کرے،افواج پاکستان نے قوم کی حمایت سے دشمن کے خلاف کامیابی حاصل کی، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں، سکیورٹی اداروں کی تمام ضروریات پوری کریں گے۔

وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل نے پاکستان کے برادر ملک کے خلاف کھلی جارحیت کی ہے، اس جارحیت کے نتیجے میں سینکڑوں لوگ شہید ہوگئے ہیں جبکہ سینکڑوں ابھی بھی زخمی ہیں، پاکستان نے ایران پر اسرائیل کی کھلی جارحیت کی بھرپور مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جس دن یہ جنگ شروع ہوئی اسی روز ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے بات ہوئی، ایرانی صدر کے ساتھ پاکستانی عوام کی طرف سے یکجہتی کا اظہار کیا، پاکستان خطے میں امن واستحکام چاہتا ہے، عالمی برادری ایران، اسرائیل جنگ بندی کیلئے فوری کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال انتہائی افسوسناک ہے، اسرائیلی جارحیت میں 50ہزار فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں، فلسطینی علاقوں میں ظلم کا بازار گرم ہے، نائب وزیراعظم ترکیہ میں ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔وزیراعظم نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر پارلیمنٹ میں بحث جاری ہے، زراعت پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا، زرعی شعبے کی ترقی کیلئے اقدامات ترجیح ہیں، بجٹ میں تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ کیا گیا، تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس میں ریلیف دیا گیا ہے، 6سے 12لاکھ آمدن پر ٹیکس ایک فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری شعبے کا ترقیاتی پروگرام ایک ہزار ارب روپے کا ہے، سخت محنت سے معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے، 2023میں مشکل حالات کا سامنا کرتے ہوئے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے امریکا اور یورپ میں بھرپور نمائندگی کی، قومی مو قف اجاگر کرنے کیلئے پاکستانی وفد کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے قوم کی حمایت سے دشمن کے خلاف کامیابی حاصل کی، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں، سکیورٹی اداروں کی تمام ضروریات پوری کریں گے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات