شہید بے نظیر بھٹو نے بہادری سے والد کے جمہوری مشن کو آگے بڑھایا، سینیٹر روبینہ خالد

شہید بی بی پاکستان کو ترقی یافتہ اور جمہوری پسند ملک بنانا چاہتی تھیں،خواب جلد پورا ہوگا،بیان

جمعہ 20 جون 2025 22:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2025ء)چیئر پرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو نے بہادری سے اپنے والد کے جمہوری مشن کو آگے بڑھایا ۔جمعہ کو اپنے بیان میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ شہید بی بی نے آمریت کا بہادری سے مقابلہ کیا، پاکستان میں جمہوریت کے لئے شہید محترمہ کی جدوجہد کی مثال کہیں نہیں ملتی، وہ پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور جمہوری پسند ملک بنانا چاہتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید بی بی نے خواتین کو بااختیار بنانے کی کے لئے انتھک محنت کی، ان کا خواب تھا کہ پاکستان میں تعلیم، روزگار اور صحت کا بہترین نظام ہو، بے شمار رکاوٹوں کے باوجود وہ کسی کے آگے جھکی نہیں، ان کی جدوجہد نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ جمہوریت اور پاکستان کے لیے شہید بی بی کی قربانیاں بے مثال ہیں، آج نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو ایک عظیم لیڈر مانتی ہے، اپنی جلاوطنی کے دور میں ان کا خواب تھا کہ پاکستان کی ضرورت مند عوام کے لئے کوئی بہترین پلیٹ فارم بنایا جائے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام انہی کے خواب کی تعبیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید بی بی کی 72 ویں سالگرہ کے موقع پر بی آئی ایس پی کے تحت بینظیر ہنر مند پروگرام پیش کیا جائے گا، ’’بینظیر ہنر مند پروگرام‘‘ کا افتتاح خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری اور صدر پاکستان آصف علی زرداری کریں گے،پاکستان پیپلز پارٹی کا مشن روٹی، کپڑا اور مکان آگے بڑھے گا، شہید محترمہ کا خواب ایک خوشحال پاکستان جلد پورا ہوگا۔