سابق خاتون وزیر اعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا 72 واں یومِ پیدائش نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا

ہفتہ 21 جون 2025 17:17

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2025ء) پاکستان کی دو بار منتخب ہونے والی سابق خاتون وزیر اعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا 72 واں یومِ پیدائش 21 جون کو نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے مطابق پاکستان کو ایک حقیقی جمہوری اور ترقی پسند ریاست بنانے کے لیے اُن کی لگن اور اُن کی کوششوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیرمملکت برائے داخلہ تسنیم احمد قریشی نے’’ اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو پاکستان پیپلز پارٹی کی ایک وژنری رہنماء تھیں جنہوں نے انتہائی وفاداری اور خلوص کے ساتھ اپنے ملک کی خدمت کی اور آمریت اور دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کیا جس کی وجہ سے اُنہیں دو خودکش حملوں کا سامنا بھی کرنا پڑا اور ایک خود کش حملہ میں شہید ہو گئیں۔

(جاری ہے)

تسنیم احمد قریشی نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سابق وزیراعظم شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی دختر تھیں اور اُنہوں نے اپنے والد کی میراث کو زندہ رکھا اور اپنی زندگی میں ترقی پسند پاکستان کے مشن کو جاری رکھا۔

اُنہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا نصب العین اقلیتوں کے حقوق کا تحفط اور خواتین کو بااختیار بنانا رہا اور وہ جلد ہی غیر مراعات یافتہ طبقے کی آواز بن گئیں اور پسماندہ طبقات کی ایک مہربان رہنماء کے طور پر بھی شہرت حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو 1988ء سے 1990ء تک اور پھر 1993ء سے 1996ء تک پاکستان کی 11 ویں وزیراعظم رہیں۔

2007ء میں شائع ہونے والی اپنی کتاب "مفاہمت: اسلام، جمہوریت اور مغرب" پر اُنہیں قومی و بین الاقوامی اعزاز ات سے بھی نوازا گیا۔ تسنیم احمد قریشی نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصانیف کے اہم موضوعات جمہوریت کی بحالی، اقلیتوں کے حقوق، خواتین کو بااختیار بنانا اور آمریت، دہشت گردی اور اسلامی بنیاد پرستی کے خلاف جنگ تھے ۔ محترمہ بےنظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007ء کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ایک خود کش حملہ میں قتل کر دیا گیا۔

اُن کی سالگرہ کے موقع پر پاکستان سمیت دُنیا بھر میں پاکستان پیپلز پارٹی اور سماجی و سیاسی حلقوں کے زیر اہتمام منعقدہ تقریبات میں انہیں خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پیپلز پارٹی سرگودھا کی جانب سے پیپلز سیکرٹریٹ میں قرآن خوانی اور دُعا کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اللہ پاک اُنکے درجات کو بلند فرمائے۔