دخترِ مشرق شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر نائب صدر چوہدری افتخار کی رہائشگاہ پر پروقار تقریب کا انعقاد

ہفتہ 21 جون 2025 22:44

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2025ء) دخترِ مشرق شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر نائب صدر چوہدری افتخار کی رہائشگاہ پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور رکن قومی اسمبلی شہلا رضا نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں میں عامر فدا پراچہ، راجہ کامران حسین، ملک خالد نواز بوبی، حسن شیرازی، راجہ فرحان، ملک فہیم قیصر، عابد مغل اور نواز کوہستانی سمیت پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی جمہوری جدوجہد، عوامی خدمات اور ان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے دوران جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے جہاں حاضرین نے بینظیر بھٹو شہید کی قومی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کی سالگرہ کی مناسبت سے کیک کاٹا۔ اس موقع پر پارٹی قائدین نے بی بی شہید کے نظریے کو زندہ رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکاء نے عہد کیا کہ وہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کو آگے بڑھاتے رہیں گے اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔