Live Updates

پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں،یوسف رضا گیلانی

اقوام متحدہ ،عالمی حقوق کی تنظیموں اور اسلامی ممالک کو اس جنگ کے خاتمے کیلئے موثر کردار ادا کرنا ہوگا قومی اسمبلی اور سینٹ میں ایران پر اسرائیل کے حملے کیخلاف مذمتی قراردادوں کا مقصد بھی علاقائی امن کو فروغ دینا ہے، چیئر مین سینٹ

ہفتہ 21 جون 2025 22:05

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے،جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں۔محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کے موقع پر ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینٹ میں ایران پر اسرائیل کے حملے کے خلاف مذمتی قراردادوں کا مقصد بھی علاقائی امن کو فروغ دینا ہے،اقوام متحدہ ،عالمی حقوق کی تنظیموں اور اسلامی ممالک کو اس جنگ کے خاتمے کیلئے موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ امن کے حوالے سے دنیا نے ہماری کوششوں کی ہمیشہ تعریف کی۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور علاقائی سلامتی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

چئیرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ہماری افواج نے یہ ثابت کیا کہ وہ دنیا کی بہترین فوج ہے اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ اپنے دورِ اقتدار میں انہوں نے جنوبی پنجاب کیلئے بے شمار ترقیاتی کام کئے ہیں۔جنوبی پنجاب صوبے کیلئے جتنی کوشش پیپلز ہارٹی نے کی کسی اور نے نہیں کی۔سرائیکی وسیب کے مسائل کے حل کیلئے الگ صوبہ ضروری ہے جس کیلئے ہم منظم طریقے سے تحریک چلائیں گے۔تاکہ یہاں غربت اور افلاس کا خاتمہ ہو۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسی قدآور شخصیت اگر آج موجود ہوتیں تو موجودہ بحرانوں کا خاتمہ ہو جاتا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بی بی شہید اور ذولفقار علی بھٹو عوامی لیڈر تھے۔انہوں نے غریبوں ،کسانوں ،مزدوروں اور محنت کشوں کیلئے جدوجہد کی۔چئیر مین سینٹ نے کہا کہ انہوں نے 1987ئسے بی بی شہید کے ساتھ کام کیا اور مقدمات کا سامنا کیا ،لیکن بی بی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے۔بعد ازاں سید یوسف رضا گیلانی نے پیپلز پارٹی کے رہنماوں خواجہ رضوان عالم اور راو ساجد علی کے ہمراہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔سٹی صدر ملک نسیم لابر،عابدہ بخاری ،ساجد۔ بلوچ،ملک منظور ڈمرہ سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات