Live Updates

9 محترمہ بے نظیر بھٹو نے پسے ہوئے طبقات کی آواز بن کر ان کے حقوق کی جدوجہد کی، خواتین کو بااختیار بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا،پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان

ہفتہ 21 جون 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل و صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی بلوچستان کے سیکرٹری صابر بلوچ،ربانی خلجی، شہزادہ کاکڑ، عبدالغفور جعفر،رحمت اللہ کدیزئی،سید سعد اللہ شاہ،رومیل خان،جبار خلجی،میر بابل بنگلزئی،مولوی جمال اوردیگر نے کہا ہے کہ شہیدجمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی پوری زندگی پاکستان کے عوام کے حقوق کے لیے وقف کر رکھی تھی، شہید محترمہ نے ہمیشہ آئین، جمہوریت، انسانی حقوق اور اظہارِ رائے کی آزادی کا پرچم بلند رکھا۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کی مناسبت سے کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مقررین نے شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید محترمہ کی زندگی جمہوریت، مساوات اور انصاف پر ان کے غیر متزلزل یقین کا عملی ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے پسے ہوئے طبقات کی آواز بن کر ان کے حقوق کی جدوجہد کی، خواتین کو بااختیار بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا اور آمریت و جبر کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا ان کی زندگی آج بھی پاکستان کے عوام کے لیے امید کی ایک روشن کرن بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک خوشحال، ترقی یافتہ اور پرامن پاکستان کے لیے محترمہ بے نظیر بھٹو کا وژن آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے مشعلِ راہ ہے ہم ان کے خوابوں کی تعبیر کے لیے پرعزم ہیں اور ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہید بی بی نے آمریت کے خلاف جمہوری جنگ لڑی، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، جلاوطنی اختیار کی لیکن اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، بینظیر بھٹو شہید نے اپنے دورِ حکومت میں کسانوں کے لیے کئی اہم اور انقلابی اقدامات کیے، زرعی قرضوں کی فراہمی کو آسان بنایا، کسانوں کے لئے کھاد اور معیاری بیجوں پر سبسڈی دی اور جدید زرعی مشینری جیسے ٹریکٹر اور تھریشر کے لیے مالی معاونت فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی شہید بی بی کی ہی اصولوں پر کاربند ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری انہی جمہوری نظریات کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کا دفاع شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کی قابل تحسین کاوشوں سے ناقابل تسخیر ہے شہید بھٹو نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، شہید بی بی نے پاکستان کو میزائیل ٹیکنالوجی دی جس کی وجہ سے آج دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے نہیں دی سکتا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کیا تو پاک فوج اورعوام نے ملکر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کو شکست سے دوچار ہونا پڑا
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات