Live Updates

اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب کی ایران پر امریکی حملے کی مذمت

پیر 23 جون 2025 15:18

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو چھونگ نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں ایران پر امریکی حملے خاص طور سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے دائرہ کار میں آنے والیایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق چینی ترجمان نے کہا کہ مشرق وسطی کی موجودہ صورتحال شدید کشیدہ ہو چکی ہے، چین کو شدید تشویش لاحق ہے کہ حالات بے قابو ہو سکتے ہیں۔

تنازع کے فریقین، خاص طور پر اسرائیل کو فوری طور پر جنگ بندی کرنی چاہیے، تاکہ صورتحال کو مزید کشیدہ ہونے سے روکا جا سکے ۔ چین کوجنگ کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر شہریوں کی اموات پر گہرا دکھ ہے۔

(جاری ہے)

فریقین کو بے گناہ شہریوں کا تحفظ اور شہری بنیادی ڈھانچے پر حملے سے گریز کرنا چاہیے۔ چینی مندوب نے کہا کہ طاقت کے استعمال سے مشرق وسطی میں امن نہیں لایا جا سکتا، مکالمہ اور مذاکرات ہی بنیادی حل ہیں ۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ روس، چین اور پاکستان کی طرف سے سلامتی کونسل میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی، شہریوں کے تحفظ، بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور مذاکرات کی پیشکش پر مبنی قرارداد کی کونسل کے تمام ارکان حمایت کریں گے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے تحفظ کے لئے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔\932
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات