Live Updates

بانی پی ٹی آئی کے 9مئی کیسز کے 8 مقدمات میں ضمانتوں کا فیصلہ کل 24 جون کو سنایا جائے گا

لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس طارق محمود پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 23 جون 2025 19:48

بانی پی ٹی آئی کے 9مئی کیسز کے 8 مقدمات میں ضمانتوں کا فیصلہ کل 24 جون ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون 2025ء) بانی پی ٹی آئی کے 9مئی کیسز کے 8 مقدمات میں ضمانتوں کا فیصلہ کل 24 جون کو سنایا جائے گا۔ میڈیا کے مطابق لاہورہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کو جلائو گھیراؤ کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا۔ جسٹس سید شہبازعلی رضوی اور جسٹس طارق محمود پر مشتمل دو رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ اب یہ فیصلہ کل منگل 24 جون کو سنایا جائے گا۔ عدالتی عملے نے کمرہ عدالت میں موجود پی ٹی آئی کارکنان اور صحافیوں کو ضمانتوں کے مقدمات سے متعلق آگاہ کیا۔ مزید برآں 21 جون کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی 9 مئی 2023 سے متعلق ایک کیس میں ضمانت منظور کر لی گئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل کی سماعت کے دوران جج منظر علی گل کی عدالت نے سنایا۔ گزشتہ روز اے ٹی سی لاہور میں شاہ محمود قریشی کی جانب سے رانا مدثر عمر اور بیرسٹر تیمور ملک نے اپنے دلائل مکمل کئے تھے۔ شاہ محمود قریشی نے کئی ماہ قبل شادمان آتشزدگی کیس میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، اسی مقدمے میں جج منظر علی گل نے چند روز قبل سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کی ضمانت منظور کی تھی۔

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ موجودہ قیادت تحریک انصاف کو نہیں چلا پا رہی، بانی پی ٹی آئی عمران خان سیاسی لوگوں کو آگے لے کر آئیں۔انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت بیرون ملک میں بیٹھی ہے، ہم اور کارکن عدالتوں میں کیسز کا سامنا کر رہے ہیں، موجودہ قیادت تحریک انصاف کو نہیں چلا پا رہی۔انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم نے نو مئی کے بعد سختیاں برداشت کی ہیں موجودہ قیادت نہیں کر سکتی، اگر موجودہ قیادت ہوتی تو وہ جوتی چھوڑ کر بھاگ جاتے، بانی پی ٹی آئی سے گزارش کرتا ہوں کہ سیاسی لوگوں کو آگے لے کر آئیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات