Live Updates

ایران پر حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ،عالم اسلام کی خودمختاری پر بھی حملہ ہے‘، ملی یکجہتی کونسل

ٹرمپ امریکہ سمیت پوری دنیا کے امن کو تباہ کرنے پر تُلا ہوا ہے‘ ملی یکجہتی کونسل کے رہنمائوں کا مشترکہ بیان

پیر 23 جون 2025 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)ملی یکجہتی کونسل پاکستان نے امریکہ کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور عالم اسلام کی خودمختاری پر حملہ قرار دیا ہے۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیر زبیر الوری اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جس طرح اسرائیل نے ایران پر حملہ آور ہوکر ایک خودمختار اور آزاد ملک پر جنگ مسلط کی ہے اسی طرح امریکہ نے اس جنگ کو بڑھاوا دے کر دنیا کو ایک نئی عالمی جنگ کی تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا ہے۔

مِلی یکجہتی کونسل کی مجلسِ قائدین کے مرکزی رہنمائوں علامہ سیّد ساجد علی نقوی، حافظ نعیم الرحمن، مولانا محمد طیب طاہری، پیر سی،ْد ہارون علی گیلانی، حافظ عبدالغفار روپڑی، علامہ سیّد ضیاء اللہ شاہ بخاری، قاری محمد یعقوب شیخ، خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، علامہ زاہد محمود قاسمی، پیر غلام رسول اویسی، ڈاکٹر علی عباس نقوی، سینیٹر راجہ ناصر عباس جعفری، علامہ محمد افضل حیدری، حافظ زبیر احمد ظہیر، مولانا عبدالمالک، صاحبزادہ سلطان احمد علی، مفتی گلزار نعیمی، خرم نواز گنڈاپور، مولانا اللہ وسایا، شجاع الدین شیخ، پیر عبدالرحیم نقشبندی، مولانا عبدالرئوف ملک، عبداللہ حمید گل، قاضی ظفرالحق، ڈاکٹر حضور مہدی، ڈاکٹر صابر ابومریم، دیوان عظمت مودود چشتی، پیر خالد سلطان قادری نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ امریکہ نے ماضی کی طرح اس بار بھی اپنی جانبدارانہ اور اسلام دُشمن روِش ترک نہیں کی اور ٹرمپ اپنے دیوانہ پن اور حواس باختگی میں امریکہ سمیت پوری دنیا کے امن کو تباہ کرنے پر تُلا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی اداروں کی جانب سے مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کُشی میں امریکی پشت پناہی اور آزاد و خود مختار ممالک پر پیدرپے حملوں پر خاموشی کو مجرمانہ فعل قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے امریکہ کی کاسہ لیسی ترک کر کے امریکہ کو جارحانہ اقدامات سے باز رکھنے کے لیے فوری عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے عالمی طاقتوں سے بھی خطے میں امن کو برقرار رکھنے کے لیے امریکہ پر دبائو ڈالنے کا مطالبہ کیا، جبکہ حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ہمسایہ برادر اسلامی ملک ایران پر مسلط کردہ جنگ کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور اسرائیل اور امریکہ کے جارحانہ اقدامات کے خلاف برادر اسلامی ملک ایران کا ساتھ دے۔

ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیر زبیر اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ٹرمپ کے لیے نوبل انعام کی سفارش کرنے والے پاکستانی حکمرانوں سے کہا کہ فلسطین سمیت دیگر اسلامی ممالک میں مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث ٹرمپ کو امن کے نوبل انعام کا حقدار ٹھہرانا شہدائے اسلام کے خون سے غداری کے مترادف ہے، جس کے خلاف ہر اسلامی فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے رہنماو?ں نے ایران پر امریکی حملوں میں شہید ہونے والوں کے خانوادوں سے تعزیت کرتے ہوئے ایرانی عوام کو یقین دلایا کہ پاکستانی عوام اپنے برادر ملک ایران کی عوام کے اس غم میں برابر کی شریک ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات