Live Updates

بہادر مسلح افواج نے دشمن کے کسی بھی حملے کا آخری لمحے تک جواب دیا، ایرانی وزیر خارجہ

میں تمام ایرانیوں کے ساتھ مل کر اپنی بہادر مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو اپنے خون کے آخری قطرے تک ہمارے پیارے ملک کے دفاع کے لیے تیار رہیں، عباس عراقچی

Sajid Ali ساجد علی منگل 24 جون 2025 10:58

بہادر مسلح افواج نے دشمن کے کسی بھی حملے کا آخری لمحے تک جواب دیا، ایرانی ..
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون 2025ء ) ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے آغاز کے بعد ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا اہم بیان سامنے آگیا۔ اس حوالے سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو اس کی جارحیت کی سزا دینے کے لیے ہماری طاقتور مسلح افواج کی فوجی کارروائیاں صبح 4 بجے تک آخری لمحات تک جاری رہیں، میں تمام ایرانیوں کے ساتھ مل کر اپنی بہادر مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو اپنے خون کے آخری قطرے تک ہمارے پیارے ملک کے دفاع کے لیے تیار رہیں اور جنہوں نے دشمن کے کسی بھی حملے کا آخری لمحے تک جواب دیا۔

بتایا گیا ہے کہ اسرائیل اور ایران نے جنگ بندی کا آغاز کردیا ہے، پاکستان وقت کے مطابق ایران نے صبح 9 بجے سے جنگ بندی پر عملدرآمد شروع کیا گیا، اس حوالے سے ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ دشمن پر جنگ بندی نافذ کر دی گئی ہے، جنگ بندی امریکی جارحیت کے جواب میں فوجی ردعمل کے بعد کی گئی، امریکی جارحیت کے جواب میں کامیاب میزائل آپریشن کے بعد جنگ بندی کی، پاسداران انقلاب کے کامیاب میزائل آپریشن اور سرزمین کے دفاع میں شہریوں کی مثالی ثابت قدمی اور اتحاد کے باعث دشمن پر جنگ بندی نافذ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی نشیریاتی ادارے سی این این نے بتایا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر کا نفاذ ہوچکا ہے جس کے بعد اسرائیل نے اپنی فضائی حدود بھی کھول دی ہے تاہم دونوں ممالک کی جانب سے ابھی تک سرکاری سطح پر جنگ بندی کے نفاذ کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا، سرکاری طور پر جنگ بندی کی تفصیلات سے تاحال آگاہ نہیں کیا گیا اور جنگ بندی کے وقت سے متعلق بھی کوئی سرکاری مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنگ بندی کا آغاز ہوگیا ہے برائے مہربانی جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کریں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات