بھارت میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی نافذ ہے،سپریم کورٹ سمیت تمام ادارے بی جے پی کے اشاروں پر چل رہے ہیں ،پپو یادو

بدھ 25 جون 2025 16:45

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) بھارتی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے سیاست دان اور رکن پارلیمنٹ راجیش رنجن عرف پپو یادو نے بھارت کے موجودہ سیاسی ماحول پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے غیر اعلانیہ ایمرجنسی قراردیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انہوں نے نئی دہلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکمراں بی جے پی پرشدید تنقید کی اورکہاکہ موجودہ صورت حال رسمی اعلان کے بغیر ماضی کی آمریت کی عکاسی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، سی بی آئی اور الیکشن کمیشن جیسے ادارے بی جے پی کے اشاروں پر کام کر رہے ہیں اور اب کوئی بول بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حقیقی مسائل پر بات نہیں کرنا چاہتی۔ بی جے پی کے روزگار پیدا کرنے کے ریکارڈ پر ہی نظر ڈالیں، کیا انہوں نے دو کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ پورا کیا؟انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگنی ویرزکے بارے میں کیا اپ ڈیٹ ہے؟ ہماری کرنسی ڈالر کے مقابلے میں نیچے جا رہی ہے۔ کیاحکمران کالا دھن واپس لے آئے ہیں؟۔