Live Updates

پاکستان کرکٹرز کو اپنی ٹیم کا حصہ بنانے پر شاہ رخ خان بھارت میں شدید تنقید کی زد میں آگئے

بالی ووڈ کے کنگ نے اپنی کیریبیئن پریمیئر لیگ فرنچائز کیلئے دو پاکستانی کھلاڑیوں سے معاہدہ کرلیا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 27 جون 2025 12:26

پاکستان کرکٹرز کو اپنی ٹیم کا حصہ بنانے پر شاہ رخ خان بھارت میں شدید ..
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جون 2025ء ) پاکستان کے دو کرکٹرز سے اپنی سی پی ایل ٹیم کیلیے معاہدہ کرنے کے بعد شاہ رخ خان بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی شدید تنقید کی زد میں آگئے۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ اور کشیدگی کے باوجود شاہ رخ خان نے اپنی کیریبیئن پریمیئر لیگ فرنچائز کیلئے دو پاکستانی کھلاڑیوں سے معاہدہ کرلیا ہے، ان میں ایک اسٹار کرکٹر محمد عامر جبکہ دوسرے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے عثمان طارق ہیں۔

دنیا کی کئی نامور فرنچائزز کے مالک شاہ رخ خان نے کیریبیئن پریمیئر لیگ 2025ء کے ڈرافٹ میں اپنی ٹیم ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز (ٹی کے آر) کے لیے ان 2 پاکستانی پلیئرز کو ڈافٹ میں منتخب کیا تاہم اس اقدام سے بھارتی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

(جاری ہے)

 

بھارتی صارفین نے شاہ رخ کے خلاف ایک مہم شروع کر دی ہے جس میں بالی ووڈ اسٹار سے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ معاہدے فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

کچھ بھارتی میڈیا آؤٹ لیٹس نے رپورٹ کیا ہے کہ مسلمان اداکار کو دائیں بازو کے ہندو انتہاپسند گروپوں کے ردعمل کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جو اس سے پہلے بھی پاکستانی پلیئرز اور اداکاروں کے ساتھ کام کرنے پر مشہور شخصیات کو نشانہ بنا چکے ہیں۔
خیال رہے کہ بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نہ صرف انڈین پریمیئر لیگ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک ہیں بلکہ اس کے علاوہ بھی وہ دنیا کی کئی کرکٹ فرنچائز کی ملکیت رکھتے ہیں،شاہ رخ خان پاکستانی کرکٹرز کیلیے بھی پسندیدگی رکھتے ہیں اور اس حوالے سے ان کا ماضی میں دیا گیا بیان بھی سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوا تھا جس میں وہ پاکستانی پلیئرز کو ٹی ٹونٹی کے بہترین پلیئرز بتارہے تھے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات