ایم کیو ایم کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا محرم الحرام اور نئے ہجری سال کے آغاز پر پیغام

جمعہ 27 جون 2025 22:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء) متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ہجری سال 1447 کے آغاز اور محرم الحرام کے مقدس مہینے کے موقع پر پوری قوم اور عالمِ اسلام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ یہ نیا سال پاکستان امت مسلمہ اور پوری انسانیت کے لیے امن اتحاد ترقی اور انصاف کا پیغام لے کر آئے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے پیغام میں کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ قربانی، صبر، استقامت اور حق کے لیے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔

امام حسین اور ان کے جانثار رفقا نے میدانِ کربلا میں حق و باطل کے درمیان واضح لکیر کھینچ کر انسانیت کو یہ سبق دیا کہ ظلم کے سامنے سر جھکانا زندگی نہیں بلکہ حق پر ڈٹ جانا ہی اصل کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا آج جب کہ دنیا کے کئی خطوں میں ظلم و ناانصافی کا بازار گرم ہے، خاص طور پر کشمیر اور فلسطین میں مظلوم عوام اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں، تو ہمیں امام حسین کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بنا کر مظلوموں کی آواز بننا ہوگا۔

انہوں نے علما کرام و مشائخ سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی، وحدتِ امت اور امن کے فروغ کے لیے اپنا مثر کردار ادا کریں۔ ان کی دانشمندانہ رہنمائی معاشرے کو نفرت، انتہا پسندی اور بدامنی سے محفوظ رکھنے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ چیئرمین ایم کیو ایم نے دعا کی کے اللہ تعالی ہمیں امام حسین کے نقشِ قدم پر چلنے، حق و صداقت کا ساتھ دینے، اور مظلوموں کی حمایت کا حوصلہ عطا فرمائے۔ اللہ رب العزت پاکستان کو امن و استحکام اور ترقی کا گہوارہ بنائے۔