محرم الحرامیں انتشار انگیزی اور فرقہ واریت پھیلانے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا‘ گورنر پنجاب

یوم عاشورہ کے موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیکورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کی ضرورت ہے‘سردار سلیم حیدر

ہفتہ 28 جون 2025 19:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ محرم الحرامیں انتشار انگیزی اور فرقہ واریت پھیلانے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا،سکیورٹی فورسز اپنی جان پر کھیل کر امن وامان کو قائم رکھے ہوئے ہیں،یوم عاشورہ کے موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیکورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں محرم الحرام کے سلسلہ میں راولپنڈی ڈویژن کے ضلعی امن کمیٹی کے ممبران سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران علما اکرام،تاجر برادری اور مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنانا صوبائی حکومتوں کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں صوبائی حکومتیں وفاقی حکومت سے مکمل تعاون کریں گیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور حکومت پنجاب صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر ایک پیج پر ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی میں امن کمیٹیوں کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں بھائی چارے اور امن کا درس دیتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ محرم الحرام میں انتشار انگیز تقریروں سے گریز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شعیہ،سنی سمیت تمام مسالک پاکستان کے محب وطن شہری ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان نے اپنے ازلی دشمن انڈیا کو تو جنگ میں شکست دے دی ، ان عناصر کے خلاف جنگ جیتنا ہے جو مذہبی فرقہ واریت کی آڑ میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یوم عاشورہ پر قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیکورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کرنا ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ میں خود مجالس میں جاکر امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لوں گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے انتشار انگیزی اور فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا ۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ہماری سیکورٹی فورسز اپنی جان پر کھیل کر امن وامان کو قائم رکھے ہوئے ہیں۔اس موقع پرممبران امن کمیٹی نے گورنر پنجاب کو یقین دلایا کہ محرم الحرام کے دوران امن کمیٹیاں صوبائی حکومت سے مکمل تعاون کریں گیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت امن کمیٹیوں کے ممبران کو متعلقہ علاقوں سے منتخب کرے تاکہ کارکردگی بہتر ہو سکے۔