شمالی وزیرستان، سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الخوارج کاحملہ،13جوان شہید

کلیئرنس آپریشن میں 14خوارج ہلاک، خودکش حملے میں دو بچے اور خاتون بھی شدید زخمی ہوئے، آئی ایس پی آر

ہفتہ 28 جون 2025 21:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش حملے میں 13جوان شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 14خواجی جہنم واصل کردیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق گاڑی میں سوار بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خودکش حملہ آور نے سکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تو قافلے کے آگے موجود دستے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مذموم منصوبے کو ناکام بنا دیا، مایوسی کے عالم میں خوارج نے بارود سے بھری گاڑی قافلے کے اگلے دستے کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں دھرتی کے 13بہادر سپوت صوبیدار زاہد اقبال، حوالدار سہراب خان، حوالدار میاں یوسف ، نائیک خطاب شاہ، لانس نائیک اسماعیل اور سپاہی روحیل ، سپاہی محمد رمضان، سپاہی نواب، سپاہی زبیراحمد، سپاہی محمد سخی، سپاہی ہاشم عباسی، سپاہی مدثر اعجاز، سپاہی منظر علی جام شہادت نوش کرگئے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق افسوسناک اور سفاک واقعے میں 2بچے اور ایک خاتون شدید زخمی ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں سینی ٹائزیشن آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلہ میں سکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کے دوران 14خوارجیوں کو جہنم واصل کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ حملہ بھارت کی دہشت گرد ریاست کی منصوبہ بندی اور نگرانی میں فتنہ الخوارج نے کیا۔