عامر شادی کے بعد بالکل بدل گیا تھا: تیونسی خاتون

اتوار 29 جون 2025 15:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)کراچی کے شہری کی محبت میں تیونس سے آئی خاتون سندانے کہاہے کہ عامر شادی سے پہلے الگ تھا، شادی کے بعد بالکل بدل گیا تھا۔خصوصی گفوتگوکرتے ہوئے تیونسی خاتون سندا نے کہاکہ میری طلاق کے بعد میرے والدین نے مجھ پر ہی الزام عائد کیا۔سندانے کہاکہ میں پاکستان میں رہنا چاہتی ہوں لیکن اگر کچھ نہیں ہوا تو اپنے ملک واپس چلی جاوں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نارتھ افریقہ کے ملک تیونس کی رہائشی 19 سالہ سندا ایاری نے کراچی کے وومن تھانے پہنچ کر پناہ کی درخواست دی تھی۔اس لڑکی کی اولڈ سٹی ایریا کے علاقے نیا آباد کھڈا مارکیٹ لیاری کے رہائشی محمد عامر سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی تھی، جنونی محبت میں مبتلا ہو کر دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا جس کے لیے سندا پاکستانی ویزا حاصل کر کے 28 نومبر 2024 کو کراچی پہنچ گئی تھی۔

(جاری ہے)

لڑکی کو عامر اور دیگر نے کراچی ایئر پورٹ سے ریسیو کیا، اگلے ہی دن عامر کے اہلِ خانہ نے ایک تقریب میں دونوں کی شادی کرا دی۔نکاح نامہ 6 مارچ کو لیاری کی یونین کونسل بغدادی میں رجسٹرڈ ہوا۔خاتون کے مطابق شادی کے بعد وہ خوش و خرم رہے، چند ماہ قبل دونوں میں معمولی باتوں پر تلخیاں پیدا ہونا شروع ہوئیں، جس کے بعد عامر نے اسے طلاق دے دی۔لڑکی کے مطابق وہ اب اپنے وطن واپس جانا چاہتی ہے۔ریکارڈ کے مطابق سندا کا پاکستان کا 90 دن کا ویزا 18 فروری کو زائد المیعاد ہو چکا ہے، ویزے کی تجدید یا ایگزٹ پرمٹ کے بغیر وہ واپس نہیں جا سکتی۔ویزے کی تجدید کے لیے لگ بھگ 400 امریکی ڈالرز اور سوا دو لاکھ روپے سے زائد کے ہوائی ٹکٹ کے انتظام کا بھی لڑکی پر بوجھ ہے۔