Live Updates

ْپی ڈی ایم اے ویئر ہاؤس میں پاک فوج ،ریسکیو 1122 میں فلڈ فائٹنگ سامان تقسیم کرنے کی تقریب

پاک فوج و ریسکیو 1122 کو 8 سے 10 کروڑ روپے کا امدادی سامان مہیا کیا گیا ‘ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق

پیر 30 جون 2025 17:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے ویئر ہاؤس میں پاک فوج اور ریسکیو 1122کو فلڈ فائٹنگ سامان کی تقریب تقسیم 2025 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا اور کرنل فراز سمیت دیگر حکام موجود تھے۔

صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے تقریب کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کی خدمت کا سفر جاری ہے۔ پاک فوج نے پاک بھارت جنگ میں پوری دنیا میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

(جاری ہے)

آج پاک فوج و ریسکیو 1122 کو 8 سے 10 کروڑ روپے کا امدادی سامان مہیا کیا جا رہا ہے۔

ایئر ایمبولینس سروس حکومت پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔موٹروے پر 76 نئی ایمبولینسز کے ساتھ عوام کو ایمرجنسی سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سوات واقعہ انتہائی دلخراش سانحہ ہے۔سانحہ سوات پر پوری قوم غمگین ہے۔سانحہ سوات ہمیں پروفیشنل اور پرو ایکٹو اپروچ کو اپنانے کی ضرورت واضح کر رہا ہے۔پاک فوج نے ہر ڈیزاسٹر میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان کے منہ توڑ جواب نے دشمن کو خاک چاٹنے پر مجبور کر دیا۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ مری میں کسی نا گہانی آفت سے نمٹنے کیلئے اضافی ریسکیو و ریلیف آلات فراہم کئے گئے ہیں۔مری میں سیاحوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ کو جدید تیکنیکی سامان مہیا کیا گیا ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے فلڈ سیمولیشن ماڈل کی تعریف کی۔

سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہاکہ خواجہ سلمان رفیق کو ہر ڈیزاسٹر میں عوام کا مددگار ہی پایا ہے۔ ریسکیو اس وقت تک لاکھوں افراد کو ایمرجنسی سروسز فراہم کر چکی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کی زیر قیادت آج یہ امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات