Live Updates

بھوپال ،معروف ایرانی شخصیات کی تصاویر والے پوسٹر ہٹانے پرتنازعہ

بھوپال ریلوے اسٹیشن سے آیت اللہ علی خامنہ ای کی تصاویر والے محرم الحرام کے پوسٹرز ہٹانے کے بعد بھارت بھر میں غم و غصے کی لہر پھیل گئی

منگل 1 جولائی 2025 16:42

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں بھوپال ریلوے اسٹیشن سے ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی تصاویر والے محرم الحرام کے پوسٹرز ہٹانے کے بعد بھارت بھر میں غم و غصے کی لہر پھیل گئی ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ پوسٹر بھوپال ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 6کے قریب معروف ایرانی کیمپ میں لگائے گئے تھے۔

پوسٹر ہٹانے پر خاص طورپر شیعہ کمیونٹی کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے ،جن کے مطابق پوسٹروں پر’’ ناانصافی کے خلاف کھڑے ہونے ‘‘کا مضبوط اورواضح پیغام دیاگیاتھا۔تفصیلات کے مطابق مقامی انتظامیہ کے افسران نے ایرانی کیمپ پہنچ کر وہاں آیت اللہ علی خامنہ ای، آیت اللہ علی السیستانی، آیت اللہ روح اللہ خمینی، جنرل قاسم سلیمانی اور جنرل محمد باقری جیسی ایرانی مذہبی اور عسکری شخصیات کی تصاویر والے پوسٹر اتاردیے۔

(جاری ہے)

یہ نام نہ صرف ایران بلکہ مسلم دنیا میں خاص طور پر شیعہ کمیونٹی میں مغربی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف مزاحمت کی علامت ہیں۔ ایرانی کیمپ کے نگران امام شاہکار حسین نے اس کارروائی کی شدید مذمت کی ہے ۔ بھوپال میں ایک بیان میں انہوں نے کہاہے کہ ہر سال محرم الحرام کے دوران ہم لوگوں کو کربلا کا پیغام پہنچانے کے لیے پوسٹر آویزاں کرتے ہیں، تاہم رواں سال انتظامیہ ان کے پوسٹر ہٹا دیے ہیں جوکہ بھارت مخالف یا حکومت مخالف نہیں تھے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ ہم امام حسین ؒکے اس پیغام پر یقین رکھتے ہیں ’’جب آپ اکیلے ہوں تب بھی باطل کے خلاف کھڑے رہیں‘‘۔اسرائیل کے خلاف جنگ میں فتح صرف ایران کی ہی فتح نہیں بلکہ انصاف کامطالبہ کرنے والے تمام لوگوں کی فتح ہے ۔ ایران نے ایک جارح کوبھرپور جواب دیاہے، لوگوں کو اس کی یاد دلانے میں کوئی حرج نہیں ۔ امام شاہکار حسین نے کہا کہ ایک پوسٹر پر بھارت کے بابائے قوم گاندھی کی تصویربھی موجود تھی تاہم اسے بھی ہٹادیاگیاہے ۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات