سخت پابندیوں میں امرناتھ یاترا کا آغاز،کشمیریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ

مودی حکومت مقبوضہ کشمیرکو ایک نوآبادی میں تبدیل کر رہی ہے، حریت کانفرنس

بدھ 2 جولائی 2025 18:55

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مودی کی بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت مٹانے اور اسے ایک نوآبادی میں تبدیل کرنے کے سوچے سمجھے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کا گٹھ جوڑ غیر کشمیریوں کو کو زمینوں کی الاٹمنٹ، ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کے اجرا اور کشمیریوں کو ملازمتوں اور انتظامی عہدوں سے برطرف کرکے جارحانہ انداز میں جموں کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کررہی ہے۔

انہوں نے دفعہ370اور 35Aکو منسوخ کرنے کے 5اگست 2019کے غیر قانونی اقدام کو جموں و کشمیر کی سیاسی اور ثقافتی شناخت پر براہ راست حملہ قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ پالیسی اصلاحات نہیں بلکہ نوآبادیاتی منصوبے پر عملدرآمد ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور جموں وکشمیر کے بھارت میں مکمل انضمام کے بی جے پی کے ہندوتوا ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے پاکستان کی سیاسی قیادت سے اپیل کی ہے کہ وہ 2017سے بھارت میں نظربند پارٹی چیئرمین شبیر احمد شاہ کی فوری رہائی کے لیے مداخلت کرے۔پارٹی نے تمام بڑی جماعتوں کے نام لکھے گئے خط میںپروسٹیٹ کینسرمیں مبتلا شبیر شاہ کی بگڑتی ہوئی صحت کو اجاگرکیا اور ان کی فوری رہائی کے لیے سفارتی کوششوں پر زور دیا۔دریں اثناء بھارتی قابض حکام کی طرف سے عائد کی گئی سخت پابندیوں کے دوران آج جموں سے سالانہ ہندوامرناتھ یاترا کا آغازہوگیاہے،یہ یاترا کسی مذہبی تقریب سے زیادہ فوجی مشق کا منظر پیش کررہی ہے۔

یاتریوں کی حفاظت کیلئے جموں خطے اور وادی کشمیر کے مختلف علاقوںمیں بھارتی فوج،پیراملٹری فورسز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اور نئی چوکیاں قائم کی گئی ہیں ۔پولیس اہلکار جگہ جگہ لوگوں کی تلاشیاں لے رہے ہیں جس سے کشمیریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ضلع گاندربل کے علاقے کنگن کے بازار میں آتشزدگی سے ایک ہوٹل سمیت متعدددکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ پولیس نے آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔