حکومت محرم سمیت 8ربیع الاول تک نکلنے والے عزاداری جلوسوں ،مجالس کو سیکورٹی فراہمی یقینی بنائے ،مصطفی کمال ،طار ق احمد جعفری
عزاداری ہماری عبادت و سعادت اور شہ رگ حیات ہے جس پر کسی قسم کی پابندی قبول نہیں کی جائے گی، پریس کانفرنس
بدھ 2 جولائی 2025
18:58
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے رہنماوغلام مصطفی کمال اورصوبائی ترجمان طار ق احمد جعفری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت 7محرم الحرام اور 10محرم الحرام سمیت 8ربیع الاول تک نکلنے والے عزاداری کے جلوسوں اور مجالس عزا کو فول پروف سیکورٹی کی فراہمی یقینی بنائے ،عزاداری ہماری عبادت و سعادت اور شہ رگ حیات ہے جس پر کسی قسم کی پابندی قبول نہیں کی جائے گی۔
یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوںنے کہا کہ ملک بھر میں سید الشہداء حضرت امام حسین کے ماتمی جلوسوں کی برآمدگی موسوی جونیجو معاہدہ کے تحت یقینی بنائی جائے، وفاقی و صوبائی حکومتیں عزاداروں کی سہولت،ممکنہ مسائل کے فوری حل اور امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی و صوبائی سے اضلاع و تحصیل کی سطح تک محرم کنٹرول رومزتشکیل دیکر ان کی بذریعہ میڈیا تشہیر کریں اوران کنٹرول رومز کو تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی محرم کمیٹی عزاداری سیل کیساتھ مربوط رہنے کی ہدایت کی جائے۔
(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ علمائے کرام ا ور ذاکرین و واعظین مثبت انداز میں پیغامِ حسینیت کا ابلاغ کریں اور اتحاد و یکجہتی کے فروغ کو ہر شے پر مقدم رکھیں، اپنے عقیدے کو چھوڑو مت اور دوسرے کے عقیدے کو چھیڑو مت کے اصول پر کاربند رہتے ہوئے ایک دوسرے کے مذہب ومکتب اور عقائد و نظریات کا مکمل احترام یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا و ذرائع ابلاغ شہدائے کربلا کی قربانیوں کو اجاگر کریں اور عشرہ محرم کے دوران موسیقی، ڈرامے اور طربیہ پروگرام بند رکھے جائیں، مجالس و جلوس کے راستوں میں روشنی و صفائی کا انتظام کیا جائے اور دوران مجالس و جلوس بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ سے اجتناب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر مکمل عمل درامد یقینی بنایا جائے، کالعدم گروپوں کو نئے ناموں سے کام کرنے سے روکا جائے،اورکسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے، پنجاب حکومت کے ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سینافذ کردہ عزاداری پر پابندیوں کیغیر منصفانہ و غیر آئینی قوائد و ضوابط (ایس او پیز) فی الفور واپس لیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہایسا کوئی حکم لاگو نہ کیا جائے جس سے پاکستان کے شہریوں کے آئینی حقوق سلب ہوں اور انہیں عبادات عزا کی انجام دہی میں دشواری کا سامنا ہو جبکہ انتظامیہ کو بانیان مجالس و جلوس کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بانیان مجالس و جلوس قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کیلئے خود بھی حفاظتی انتظامات یقینی بنائیں، اس ضمن میں مختار فورس والنٹیئرز اور ابراہیم اسکاوٹس کے رضاکار وں کی خدمات حاصل کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ حساس مقامات پر قبل از وقت حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں اور ضروری ہو تو ایسے علاقوں کو فوج کے حوالے کیا جائے، حکومت سوشل میڈیا پر منافرت پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھے اور نفرت و اشتعال پھیلانے والوں کو قانون کی گرفت میں لائے۔انہوں نے کہا کہ نیاز و سبیل بغیر کسی تصدیق کے وصول نہ کی جائے، گاڑیوں کو عزاداری کے مقام پر مکمل تلاشی کے بعد جانے کی اجازت دی جائے، سیاسی جماعتیں عشرہ محرم کے دوران سیاسی سرگرمیاں معطل رکھیں اور امام عالی مقام حضرت امام حسین کی یاد کو ترجیح دی جائے، پرامن وبیگناہ عزاداروں کے نام شیڈول فور سے خارج کیے جائیں۔
اننہوں نے کہا کہ مجالس جلوس میں نظم و نسق کی پابندی کو ہر قیمت پر ملحوظ رکھا جائے اور عزاداری کی روح کے منافی ہر کام سے اجتناب کیا جائے، بانیان مجالس ضابطہ عزاداری پر سختی کے ساتھ عمل کریں اور دوسروں کو بھی پابند بنائیں۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں دنیا نے دیکھا کہ جب ازلی دشمن بھارت نے وطن عزیز پاکستان کی خودمختاری و سلامتی پر حملہ کیا تو درسگاہِ حسینیت سے حاصل کردہ جذبہِ شوقِ شہادت سے سرشار پاکستان کی بہادر افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو ایسا منہ توڑ جواب دیا جو اسے ہمیشہ یاد رہے گا۔
اگر ارباب اختیار چاہتے ہیں کہ دین و وطن کے تحفظ و دفاع کیلئے آئندہ بھی پوری قوم دشمنان پاکستان کے خلاف بنیان مرصوص ثابت ہو تو ذکرِ حسینؓ کے ذریعہ قوم میں جذبہِ حسینی کو زندہ رکھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسینؓ کسی ایک مکتب و مسلک کے نہیں بلکہ پورے عالمِ انسانیت کے ہیرو ہیں اور ہر مکتب ِ فکر انہیں اپنے اپنے انداز میں خراج ِ عقید ت پیش کرتا نظر آتاہے لہٰذا ہم اربابِ حکومت کو ایک مرتبہ پھر باور کرواتے ہیں کہ امام حسین کی یاد کیلئے منعقدہ عزاداری کے پروگراموں کو ایک مسئلہ تصور کرنے اور اسی طور پر پیش کرنے کے بجائے انہیں خوشنودی ِ خدا و رسول ؐ کے حصول کا وسیلہ سمجھیں اور جذبہ ایمانی و انسانی کے ساتھ بانیان مجالس و جلوس اور عزادارانِ امام حسینؓ کی سہولت کے انتظامات و اقدامات یقینی بنائیں ہم اپنے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے سب پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ عزاداری ہماری عبادت و سعادت اور شہ رگِ حیات ہے جس پر کسی قسم کی پابندی قبول نہیں کی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں طارق احمد جعفری نے کہا کہ پاک فوج ، ایف سی ،پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے محرم الحرام کے دوران امن وامان برقراررکھنے کیلئے ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کررہے ہیں وفاقی اور صوبائی حکومتیں 7اور10محرام کے جلوسوں اورمجالس کی سیکورٹی کو مزید موثر اور بہتر بنائیں۔