حکومت پنجاب نے جون میں 50 ہزارسے زائد گھروں کا ٹارگٹ پورا کردیا

پراجیکٹ کیلئے مختصر مدت میں 57 ارب 90 کروڑروپے کے لون کا اجراء کیا گیا، ماضی میں لوگوں نے جھوٹے نعرے لگائے جبکہ ہم عوام کیلئے گھر بنارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 2 جولائی 2025 19:58

حکومت پنجاب نے جون میں 50 ہزارسے زائد گھروں کا ٹارگٹ پورا کردیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جولائی 2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ تیزی سے کامیابی کی طرف گامزن ہے اور ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا۔ وزیرعلیٰ مریم نواز شریف کے اعلان کے مطابق ” اپنی چھت، اپنا گھر“پراجیکٹ کے تحت جون میں 50 ہزارسے زائد گھروں کا ٹارگٹ پورا کیا گیا۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چند ماہ میں 50 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر کا قومی ریکارڈ قائم ہوا ہے۔

جون 2025ء تک” اپنی چھت، اپنا گھر“ پراجیکٹ کے تحت مکان بنانے کے لئے 51911 سے زائد قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔ ” اپنی چھت، اپنا گھر“ پراجیکٹ کے تحت  مختصر مدت میں 57 ارب 90 کروڑروپے کے آسان قرضے دیئے جا چکے ہیں۔”اپنی چھت، اپنا گھر“ پراجیکٹ کے تحت 5293 مکانوں کی تعمیر مکمل ہوچکی اوراب یہ گھر مکینوں سے آباد ہیں جبکہ 41324 گھروں کی تعمیر کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

مکینوں نے ”اپنی چھت، اپنا گھر“پراجیکٹ کو نعمت کے مترادف قرار دیا ہے۔ سائلین کو”اپنی چھت، اپنا گھر“ پراجیکٹ کے تحت پہلی مرتبہ گھر بیٹھے قرضوں کے لئے آن لائن اپلائی کرنے کی منفرد سہولت دی گئی ہے اور”اپنی چھت، اپنا گھر“ پراجیکٹ کے لئے دفاتر کے چکر لگائے بغیر قرضوں کا اجراء کیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ کسی بھی سفارش کے بغیر گھر بنانے کے لئے قرضوں کا اجراء پنجاب بلکہ پاکستان کی تاریخ میں قابل تقلید مثال ہے۔

اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کا مقصد عوام کے لئے آسانی اور سہولت پیدا کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت اپلائی کرنے والے ہر فرد کو سیاسی وابستگی سے بالا تر قرضے مل رہے ہیں۔ ملک کی تاریخ میں عوام کے گھر بنانے کا ریکارڈ قائم کیا، اپنے ریکارڈ خود ہی توڑیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ قائد محمد نوازشریف کا عوامی خدمت کا ویژن اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ میں عملی صورت اختیار کر چکا ہے۔

لوگوں نے جھوٹے نعرے لگائے، مگر ہم عوام کے لئے گھر بنارہے ہیں۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مری سے واپسی پر فیلڈ ہسپتال دیکھ کر رک گئیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مری کے نواح میں مغل آباد کے قریب ایکسپریس وے پر کھڑے فیلڈ ہسپتال کا اچانک معائنہ کیا اور دستیاب سہولتوں کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہسپتال میں تعینات ڈاکٹر اور طبی عملے سے بات چیت کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈاکٹرا ور طبی عملے سے فیلڈ ہسپتال کی ورکنگ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فیلڈ ہسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے بھی بات چیت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو مریضوں اور اہل خانہ نے طبی سہولتوں کے بارے میں بتایا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے طبی ٹیسٹ اور ادویات کی مفت فراہمی کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

شہری نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ ہسپتال شاندار اقدام ہے، ضعیف خواتین اور مریضوں کو بہت فائدہ ہورہا ہے۔ کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ دشوارگزار راستوں سے گزر کر ہسپتال جانے کی صعوبت برداشت کیے بغیر علاج کی سہولتیں گھر کی دہلیز پر ہی ملیں گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے اب فیلڈ ہسپتال خود چل کر ان کی دہلیز تک پہنچ چکا ہے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویل ہسپتال سے سوا کروڑ سے زائد مریض فیض یاب ہوچکے ہیں۔ انسانیت کی خدمت ہی مسلم لیگ (ن)کا ہمیشہ سے منشور رہا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویل کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے۔صحت کی سہولتیں عوام کا بنیادی حق ہے،عوامی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔