ریلوے پریم یونین کے صدر شیخ محمدانور کی قیادت میں وفدکی وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات

ةوزیرریلوے نے تنخواہوں اورپنشن کی بروقت ادائیگی اوردیگرمطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کرائی

بدھ 2 جولائی 2025 22:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2025ء)ریلوے ملازمین کی نمائندہ تنظیم پریم یونین کے صدر شیخ محمد انور کی قیادت میں پریم یونین کے وفد نے وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ریلوے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔اس موقع پر پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر/سینئر جنرل منیجر عامر علی بلوچ بھی موجود تھے جبکہ وفد میں سینئر نائب صدر عبدالقیوم اعوان چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عدنان شکور شریک تھے۔

ملاقات میں مزدوروں کے مسائل اور ادارے کی ترقی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شیخ محمد انور نے وفاقی وزیر ریلوے کو وزارت سنبھالنے کے بعد 100 دن کی کارکردگی اور ریلوے میں متعارف کرائی گئی مثبت اصلاحات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریلوے کا وقار بحال کرنے اور ملازمین کے اعتماد کو بحال کرنے کی سمت میں وزیر ریلوے کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔

شیخ محمد انور نے دورانِ ملاقات ریلوے ملازمین کو درپیش سنگین مسائل، خصوصا تنخواہوں میں تاخیر 2019 سے بند TA اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی فوری ادائیگی کے مطالبات پیش کیے۔ وزیر ریلوے نے ان تمام امور پر مکمل تعاون کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ملازمین کے ان مسائل کا احساس ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کی انشااللہ تنخواہوں اورپنشن کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

آئندہ ملازمین کو مقررہ تاریخوں میں تنخواہیں ملیں گی۔ ٹی اے کی ادائیگی کیلئے بھی موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔کوشش کررہے ہیں کہ وزیراعظم سے ا سپیشل فنڈزمنظورکروائے جائیں۔شیخ محمد انور نے کوئٹہ اور بلوچستان کے عوام کی احساس محرومی دور کرنے اور سفری سہولیات کے لیے بلوچستان سے بندکی گئی ٹرینوں خصوصا اکبر بگٹی ایکسپریس کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا۔

وزیر ریلوے نے وفد کو بتایا کہ 15 مارچ کو پریم یونین کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات میں شامل ایم ایل 2 کی واحد ٹرین خوشحال خان خٹک،لاہور تاوزیرآبادبراستہ نارووال سیالکوٹ ٹرین کی بحالی، موسی پاک ملتان سے ڈی جی خان تک توسیع کی گئی ٹرینوں کا فیصلہ خوش آئندہے۔ میری کوشش ہو گی جلد ہی اکبر بگٹی ایکسپریس کو بھی بحال کر دیا جائے۔شیخ محمد انور نے ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان ریلوے کے شعبے میں مربوط تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند امر ہے کہ دونوں سطحوں کی حکومتیں مل کر ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم پراجیکٹس پر کام کر رہی ہیں۔

یہ اقدامات ریلوے کی ترقی اور عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گی وفاقی وزیر ریلوے نے پریم یونین کے ساتھ ریلوے اور ملازمین کے مسائل پر خصوصی تعاون کی یقین دہانی کرائی جس پر مرکزی صدر شیخ محمد انورنے محمد حنیف عباسی کو یقین دلایا کہ ادارے کے وسیع تر مفاد اور محکمہ ریلوے کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر پریم یونین وزیر ریلوے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں گی۔

پریم یونین کے چیئرمین ضیا الدین انصاری ایڈوکیٹ سپریم کورٹ نے وزیر ریلوے کے مثبت رویے اور اعلانات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پریم یونین/ ریلوے کاہر مزدوراور افسرتمام علاقائی، لسانی، سیاسی تعصبات اور امتیازات سے بالاتر ہوکرصرف اور صرف پاکستان ریلوے کی بہتری اور اس کے ٹرین آپریشن کوبہتر سے بہتراور معمول پر رکھنے کیلئے اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو مقدم رکھتا ہے اور یہی ان کی اولین ترجیح ہے۔