تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر جامع سکیورٹی پلان تیار کیا گیاہے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب

بدھ 2 جولائی 2025 23:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فوادہاشم ربانی نے کہا ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر ایک جامع سکیورٹی پلان تیارکیاگیا ہے جس پر عملدرآمد کروایا جارہاہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ایڈیشنل آئی جی پولیس جنوبی پنجاب محمد کامران خان نے محرم الحرم کے سلسلے میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مظفر گڑھ کے دورے کے موقع پر کیا۔

انہوں نے ٹبی حسین آباد میں عزاداری کے جلوس کے روٹ اور امام بارگاہ امامیہ میں مجلس کی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور امن کمیٹی کےممبران اور جلوس کے منتظمین سے گفتگو کی۔ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قراة العین میمن اور ڈی پی او ڈاکٹر رضوان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے مزید کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر محرم کے دوران سیکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کے لئے وزرا سمیت پوری انتظامی مشینری فیلڈ میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں کلوز سرکٹ کیمروں سے منسلک کنٹرول رومز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کےلئے سیکیورٹی اداروں سے تعاون ہر شہری پر فرض ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ وال چاکنگ کرنیوالوں اور سوشل میڈیا پر منافرت پھیلانے والوں کےخلاف سخت ایکشن کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ایڈیشنل آئی جی پولیس جنوبی پنجاب محمد کامران خان نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن برقرار رکھنے کے لئے تمام سیکیورٹی ادارے الرٹ ہیں اور پنجاب پولیس کو پاک فوج اور رینجرز کی مدد بھی حاصل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاک انڈیا حالیہ جنگ کے پیش نظر سکیورٹی کے حوالے سے زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ ایڈیشنل آئی جی نے بتایا کہ پنجاب پولیس کا ہر سپاہی باخبر ہے اور اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والے شر پسند عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔