اسمبلی فلور پر احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کے26اراکین کو ڈی سیٹ کروانے کے لیے ریفرنس تیار

اسپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی عامر حبیب ریفرنس دائر کرنے کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 3 جولائی 2025 13:35

اسمبلی فلور پر احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کے26اراکین کو ڈی سیٹ کروانے ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 جولائی ۔2025 )سپیکر پنجاب اسمبلی نے فلور پر احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کے 26 معطل ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کا ریفرنس تیار کرلیا گیا ہے جو آج الیکشن کمیشن پاکستان میں دائر کر دیا جائے گا نجی ٹی وی کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، سیکرٹری پنجاب اسمبلی عامر حبیب ریفرنس دائر کرنے کے لیے اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، ریفرنس دائر کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے تمام ضروری دستاویزات فراہم کر دی ہیں.

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دستاویزات میں سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا حمزہ شہباز کے خلاف فیصلہ بھی شامل ہے، پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے متعلق تمام ثبوت ریفرنس میں شامل کیے ہیں. اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں رپورٹ میں اسمبلی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی، سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی اسلام آباد میں سینئر قانون دانوں سے مشاورت کریں گے.

ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی مشاورت کا مقصد ریفرنس کو مزید مضبوط بنانا ہے، مشاورت کے بعد ریفرنس الیکشن کمیشن میں جمع کروایا جائے گا یاد رہے کہ 27 جون کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی تقریر کے دوران احتجاج کرنے اور توڑ پھوڑ کے الزام میں تحریک انصاف کے 26 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی تھی 28 جون کو اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اپوزیشن کے 26 ارکان کو معطل کرتے ہوئے ان ارکان کی نااہلی کے لیے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا اعلان کیا تھا.

ان ارکان نے اسمبلی میں مریم نواز کی تقریر کے دوران نعرے بازی اور شدید احتجاج کیا تھا، پنجاب اسمبلی میں توڑ پھوڑ کرنے پر 10 ارکان پر 20 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا گیا تھا، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر 2 لاکھ 3 ہزار 550 روپے فی کس ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا.