پشاور میں فلور ملز مالکان و عملے کے لیے نیوٹریشن انٹرنیشنل کی ملرز فار نیوٹرشن پروگرام کے تحت ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

جمعرات 3 جولائی 2025 22:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)نیوٹریشن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام پشاور میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں فلور ملز سے وابستہ افراد کے لئے ملرز فار نیوٹرشن ویب سائٹ میں فلور ملز رجسٹریشن کا طریقہ سکھا یاگیا اور صحت اور کاروباری نوعیت کے حوالے فولادی آٹے کی اہمیت پر زور دیا گیا، جس میں پشاور، خیبر، نوشہرہ، مردان, کوہاٹ، چارسدہ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے فلور ملز مالکان، ملازمین اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔

اس تربیتی پروگرام کا مقصد آٹے میں غذائیت کی بہتری اور فورٹیفکیشن سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔ تقریب سے نیوٹریشن انٹرنیشنل کے پروگرام منیجر امتیاز علی شاہ، زونل منیجرز راشد سلیم اور شیر امان، باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کے پروفیسر ڈاکٹر افتخار، شہید بینظیر یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ریحانہ مسعود نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مقررین نے آٹے میں مائیکرونیوٹرنٹس کی شمولیت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں غذائی قلت ایک سنگین مسئلہ ہے، جس پر قابو پانے کے لیے آٹے کو غذائیت سے بھرپور بنانا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر فلور ملز فورٹیفکیشن کے مقررہ معیارات پر عمل کریں تو یہ قومی سطح پر صحتِ عامہ میں بہتری کی طرف ایک مثبت قدم ہوگا۔ پروگرام میں ماہرین نے حاضرین کو فورٹیفکیشن، پروسیسنگ، معیار کی نگرانی، اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق عملی سیشنز دیے۔ انہوں نے بتایا کہ آٹے میں آئرن، زنک، فولک ایسڈ اور وٹامنز بی شامل کرنے سے بچوں، حاملہ خواتین اور غذائی قلت کا شکار طبقات کو فائدہ پہنچایا جا سکتا ہے۔

شرکاء نے اس ورکشاپ کو ایک مفید اور معلوماتی تجربہ قرار دیتے ہوئے نیوٹریشن انٹرنیشنل کی کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تربیت سے نہ صرف ان کی معلومات میں اضافہ ہوا بلکہ انہیں عملی اقدامات سیکھنے کا بھی موقع ملا۔ ٹریننگ سیشن کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ فلور ملز مالکان اور دیگر شرکاء نے بہترین تربیتی سیشن کے انعقاد پر نیوٹریشن انٹرنیشنل کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور مطالبہ کیا کہ اس نوعیت کے پروگرامز کو مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے۔