کرکٹ گراؤنڈ سکھانے تو ہیلی کاپٹرز فوراً آ جاتے ہیں لیکن افسوس ان 18 زندہ انسانوں کے لیے کوئی پرواز نہ آ سکی،جے یو پی پنجاب

جمعرات 3 جولائی 2025 23:11

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2025ء)جمعیت علماء پاکستان پنجاب کے صدر علامہ نور احمد سیال نائب صدر محمد ریاض احمد نوری اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر جاوید اختر نورانی نے اپنے مشترکہ بیان میں سانحہ سوات میں 18 قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خیبر پختون خوا صوبائی حکومت کی نااہلی غفلت اور ناقص حکمت عملی کی شدید مذمت کی، صوبائی رہنماوں کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے گراؤنڈ سکھانے کے لیے تو ہیلی کاپٹرز فوراً آ جاتے ہیں لیکن افسوس ان 18 زندہ انسانوں کے لیے کوئی پرواز نہ آ سکی حکومتی نمائندے صرف خاموش تماشائی بنے بیٹھے اپنی سیاسی دکانداری چمکانے میں مصروف رہے، ہماری ریاست کب جاگے گی، سہولتیں تھیں، مگر صرف خاصوں کے لیے، سانحہ سوات حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

حکومتی شخصیات کیلئے ہیلی کاپٹر تو فراہم کئے جا سکتے ہیں، لیکن انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے کوئی ہیلی کاپٹر نہ آسکا، صوبائی رہنماوں نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم باجوہ سے مطالبہ کیا کہ ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اور متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد بھی کی جائے اور ائندہ ایسے سانحات کے روک تھام کے لیے موثر اور عملی اقدامات کیے جائیں, علامہ نور احمد سیال،محمد ریاض نوری اور ڈاکٹر جاوید نورانی نے حالیہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے اسے عوام دشمنی قرار دیا عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں اور پاکستان میں ائے روز اضافہ کیا جا رہا ہے غریب لوگوں کا استحصال کیا جا رہا ہے اور اشرافیہ کو مراعات سے نوازا جا رہا ہے ممبران اسمبلی اور دیگر حکومتی اعلیٰ منصب پر فائض لوگوں کو نوازا جا رہا ہے ان کی تنخواہوں پنشن اور مراعات پر 500 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا اور عام سرکاری ملازموں اور اساتذہ کرام کی پینشن اور تنخواہوں میں مراعات میں کمی کی جا رہی ہے جو کہ ظلم کے مترادف ہے حکومت کے اس دوہرے معیار نے غریب لوگوں کا جینا مشکل بنا دیا ہے لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔