5جولائی 1977کا دن ملکی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا،فریال تالپور

اس دن صرف ایک منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ نہیں کیا گیا تھا بلکہ پاکستان کے عوام کے حقِ حاکمیت کو تاراج اور خودمختاری کو پائمال کیا گیا،صدرپیپلز پارٹی شعبہ خواتین

جمعہ 4 جولائی 2025 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکنِ سندھ اسمبلی فریال تالپور نے کہا ہے کہ 5 جولائی 1977ع کا دن ملکی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا کہ اس دن صرف ایک منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ نہیں کیا گیا تھا بلکہ پاکستان کے عوام کے حقِ حاکمیت کو تاراج اور خودمختاری کو پامال کیا گیا۔

میڈیا سیل بلاول ہاوس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، فریال تالپور نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو صرف ایک سیاستدان نہیں تھے، بلکہ وہ پاکستان کے غریبوں، مزدوروں، کسانوں، طلبہ، خواتین اور اقلیتوں کے لیے ایک روشن امید تھے۔ 5 جولائی کا شبِ خون اس امید کا گلا گھونٹنے کی کوشش تھی، لیکن تاریخ نے ثابت کیا کہ بھٹو کو مٹانے والے خود مٹ گئے، اور بھٹو آج بھی ہر دل میں زندہ ہے۔

(جاری ہے)

فریال تالپور نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس قوم کو ایک متفقہ آئین دیا، ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، اسلامی دنیا کو متحد کیا، مزدوروں کو حقوق دیے، خواتین کو بااختیار بنایا۔ لیکن یہ ہی وہ باتیں تھیں جو غیر جمہوری طاقتوں کو کبھی ہضم نہیں ہوئیں۔ فریال تالپور کا کہنا تھا کہ 5 جولائی کا دن ہمیں اس عہد کی یاد دلاتا ہے کہ ہم شہید بھٹو کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

عوام کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی بقا کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کبھی مصلحت کا شکار نہیں ہوگی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی اپنے شہید قائدین، قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹوکے ویژن کو لے کر آگے بڑھ رہی ہے، اور غیر جمہوری عناصر کے ہر وار کو جمہوری قوت سے ناکام بنائے گی۔فریال تالپور نے اپنے پیغام میں قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور جمہوریت کے تمام شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قوم سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت، آئین اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں۔