سانحہ سوات نے پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی کو بری طرح بے نقاب کیا، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان

جمعہ 4 جولائی 2025 22:20

مالاکنڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات امور خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے سوات میں 19 سیاحوں کی جان لینے والے المناک واقعے میں سنگین غفلت اور ناکامی کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے. جمعہ کو یہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اختیار ولی خان نے کہا کہ سوات سانحے نے آفت کے ردعمل اور انتظام میں پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی اور بدانتظامی کو بری طرح بے نقاب کر دیا ہے.

انہوں نے کسی فوری امدادی آپریشن کی عدم موجودگی پر سوال اٹھایا کیونکہ مردان اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے سیاح گھنٹوں سیلابی پانی میں پھنسے رہے اور یکے بعد دیگرے سیلابی ریلے میں بہہ گئے جس نے سب کو افسردہ کر دیا. انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ایک رسی یا ہیلی کاپٹر فراہم کرنے میں بھی ناکام رہی. انہوں نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کو کھوکھلے نعروں پر انحصار کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بے بس شہری مدد کا انتظار کرتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پی ٹی آئی پر مذہبی جذبات کو سیاسی فوائد کےلیے استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ بنانے کے وعدے کبھی پورے نہیں ہوئے.

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے نہ تو 5 ملین گھروں کی تعمیر ہوسکی اور نہ ہی 10 ملین ملازمتوں کی فراہمی سمیت کوئی وعدہ پورا ہوا. اختیار ولی خان نے پی ٹی آئی حکومت کو خیبر پختونخوا کو بھاری قرضوں میں ڈبونے اور تعلیم اور صحت جیسے اہم شعبوں میں ناکامی کا ذمہ دار ٹھہرایا۔انہوں نے کہا کہ بدانتظامی اور غیر ضروری تجربات نے خدمات کے شعبے کو بری طرح متاثر کیا جبکہ بدعنوانی کے اسکینڈل صوبے بھر میں سامنے آتے رہے.

انہوں نے کہا کہ گنڈاپور کی زیرقیادت خیبرپختونخوا حکومت بالآخر اپنی بدانتظامی کے بوجھ تلے دب کر گر جائے گی. انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرقیادت مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2016 تک پاکستان کو آئی ایم ایف پروگراموں سے نکالا تھا اور ملک ایک اقتصادی طاقت بننے کی راہ پر گامزن تھا تاہم اسے غیر منصفانہ طریقے سے الگ کیا گیا. انہوں نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کا سہرا نواز شریف انتظامیہ کو دیا اور کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان کی مسلح افواج نے آپریشن بنیان مرصوص کے دوران دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا.

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس کے جنگی طیاروں نے حالیہ تصادم میں ہندوستان کے رافیل طیاروں کو مار گرایا جس سے فضائی برتری کا مظاہرہ ہوا. انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ پی ٹی آئی سے مایوس ہیں اور اب بامعنی ترقی اور مثبت تبدیلی کے لیے مسلم لیگ (ن) کی طرف رخ کر رہے ہیں. اختیار ولی خان نے یقین دلایا کہ مسلم لیگ (ن) ایک بار خیبرپختونخوا میں اقتدار میں آنے کے بعد تعلیم میں سرمایہ کاری کرے گی اور مالاکنڈ میں دیرپا امن لائے گی.

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے پچھلے ترقیاتی کاموں کو بھی اجاگر کیا جن میں پشاور سے گوادر تک وسیع موٹروے نیٹ ورک اور سوات میں نواز شریف کڈنی ہسپتال میں مفت طبی خدمات شامل ہیں. اپنی تقریر کے اختتام پر انہوں نے مقامی مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ علاقے میں پارٹی تنظیم کو مضبوط کریں. انہوں نے عوامی مسائل کو حل کرنے کےلیے مکمل تعاون کا وعدہ کیا. تقریب کا اختتام وزیراعظم شہباز شریف، پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور اختیار ولی خان کے حق میں بلند نعروں کے ساتھ ہوا.