جولائی پاکستان کی سیاسی تاریخ کا المناک باب ہے،فیصل کریم کنڈی

اس روز پاکستان کی تاریخ میں جمہوریت پر شب خون مارا گیا، گور نر خیبر پختون خوا کا بیان

ہفتہ 5 جولائی 2025 15:49

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 5 جولائی 1977 کے سیاہ دن کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس روز پاکستان کی تاریخ میں جمہوریت پر شب خون مارا گیا اور عوام کے منتخب وزیرِاعظم قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پہلی جمہوری حکومت کو غیر آئینی طور پر برطرف کر کے ایک سیاہ دور کا آغاز کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 5 جولائی پاکستان کی سیاسی تاریخ کا المناک باب ہے، جب عوام کے حقِ حکمرانی کو طاقت کے زور پر چھینا گیا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو سیاسی شعور دیا، انہیں باوقار زندگی گزارنے کا حوصلہ دیا اور ایک مضبوط، خوددار پاکستان کی بنیاد رکھی، جسے ملک ، عوام اور جمہوریت دشمن عناصر برداشت نہ کر سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمیں اسی جذبے سے جمہوریت کے استحکام اور آئین کی بالادستی کے لیے جدوجہد جاری رکھنی ہے تاکہ آئندہ کبھی کسی آمر کو عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی جرات نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے قربانیاں دیں مگر وطن عزیز کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دی ، صدر آصف علی زرداری نے بے نظیر بھٹو کی شہادت کے عظیم سانحہ پر پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا ، بلاول بھٹو زرداری نے آپریشن بنیان المرصوص میں بین الاقوامی میڈیا اور سفارتی محاذ پر جس طرح پاکستان کے موقف کا دفاع کیا وہ ناقابل فراموش ہے