حریت وفد کی کراچی میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اوردیگر رہنمائوں سے ملاقات

اتوار 6 جولائی 2025 12:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں و کشمیرشاخ کے سیکریٹری جنرل ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ کی قیادت میں ایک وفد نے کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اورپارٹی کے دیگر مرکزی رہنمائوں سے ملاقات کی اورانہیں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، بھارتی افواج کے مظالم اورانسانی حقوق کی بدترین پامالیوں سے آگاہ کیا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وفد نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے پبلک سیکریٹریٹ بہادر آباد کراچی کا دورہ کیا اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینرڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، مرکزی رہنما سید امین الحق، ارشاد ظفیر، ملک عمران کاکڑ، مجاہد رسول اور مسعود محمود سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

حریت وفد سید یوسف نسیم ، راجہ خادم حسین، زاہد اشرف اور شیخ عبدالماجد پر مشتمل تھا۔

ملاقات میں مقبوضہ جموں کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، بھارتی افواج کے مظالم، انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت پرتفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔حریت وفد نے ایم کیو ایم رہنمائوں کو 8جولائی کو یوم شہادت برہان مظفر وانی کے موقع پر نکالی جانے والی''بنیان مرصوص ریلی''میں شرکت کی دعوت دی جو کراچی آرٹس کونسل سے کراچی پریس کلب تک نکالی جائے گی۔

وفد نے برہان وانی کو خراجِ عقیدت اور افواجِ پاکستان کو آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے انتہائی جذباتی انداز میں کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ سے زیادہ آپ کا درد کوئی اور محسوس نہیں کر سکتا کیونکہ ہمارے بزرگوں نے بھی خاندانوں کی جدائی، مہاجرت اور کسمپرسی کی وہی تکالیف جھیلی ہیں جو آج کشمیری عوام برداشت کر رہے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت ہر ممکن سطح پر جاری رکھے گی اور کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ہر فورم پر پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔