Live Updates

سردار تنویر الیاس نے عمران خان کیخلاف بیانات سے متعلق حقیقت بیان کردی

سوشل میڈیا پر وائرل تمام بیانات جھوٹ پر مبنی اور جعلی ہیں جو آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے بنائی جانے والی ویڈیوز اور اخباری تراشوں سے بنائے گئے ؛ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کے ترجمان کا اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی پیر 7 جولائی 2025 11:03

سردار تنویر الیاس نے عمران خان کیخلاف بیانات سے متعلق حقیقت بیان کردی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جولائی 2025ء ) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے پیٹرن انچیف عمران خان کے خلاف بیانات سے متعلق حقیقت بیان کردی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کے ترجمان سردار مشعل یونس کا کہنا ہے کہ ہم ایسے تمام بیانات کی سختی سے تردید کرتے ہیں جو پچھلے چند دنوں سے سوشل میڈیا فورمز (فیس بک، وٹس ایپ، ایکس، انسٹا گرام ، ٹک ٹاک اور مختلف ویب سائٹس) پر سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کے نام سے آرٹیفیشل ٹیلیجنس) کا استعمال کرتے ہوئے فیک ویڈیوز، ٹکر ز اور اخباری تراشوں کا سہارا لے کر شر پسند عناصر سراسر جھوٹ پر مبنی ایک پروپیگنڈہ مہم چلا رہے ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہاں اس امر کی وضاحت ضروری ہے کہ 24 جون 2025ء سے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان باضابطہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو چکے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کا اپنا آئین، منشور، اور پارٹی پالیسی موجود ہے جس کا اطلاق ساری قیادت پہ ہوتا ہے، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے پی ٹی آئی اور اس کی قیادت سمیت کسی بھی سیاسی جماعت یا اس کی قیادت کے حوالے سے کوئی ایسا بیان جاری نہیں کیا۔

(جاری ہے)

ترجمان سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم جمہوری تسلسل، سیاسی رواداری اور سیاسی اخلاقیات کو ہمیشہ مقدم جانتے ہوئے ساری سیاسی جماعتوں اور ان کی لیڈر شپ کا احترام کرتے ہیں، جعلی اور بے بنیاد پروپیگنڈہ مہم کے خلاف ہماری لیگل ٹیم ٹھوس شواہد کے ساتھ سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ میں قانونی چارہ جوئی کے لیے مصروف عمل ہے لہذا سوشل میڈیا فورمز پر چلنے والی سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کے حوالے سے کسی پارٹی یا اس کی قیادت کے خلاف بیانات صریحاً جھوٹ پر مبنی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات